امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں واقع رہائشی عمارت میں ہونے والے ہولناک گیس دھماکے اور اس کے نتیجے میں بھڑکنے والی آگ نے علاقے کو سوگ میں مبتلا کردیا، حادثے میں 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جن میں 2 خواتین اور ایک کمسن بچہ شامل ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیلس کے علاقے اوک کلف میں قائم اپارٹمنٹ کمپلیکس اچانک زور دار دھماکے سے لرز اٹھا، دھماکے کے فوری بعد عمارت کے مختلف حصوں میں آگ بھڑک اٹھی اور ہر طرف دھویں کے بادل پھیل گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی جبکہ مکین اپنی جانیں بچانے کیلئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ڈیلس فائر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر امدادی کارروائیاں ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے اور زخمیوں کو نکالنے پر مرکوز تھیں، تاہم اب آپریشن کو ریسکیو مرحلے سے ریکوری مرحلے میں منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں عمارت کے تباہ شدہ حصوں کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں تاکہ مزید متاثرین یا ممکنہ نقصانات کا اندازہ لگایا جاسکے۔
ڈیلس فائر ریسکیو کے ترجمان جیسن ایونز نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں ایک زخمی کی حالت ابتدا میں انتہائی تشویشناک تھی تاہم اب اس کی حالت میں بہتری آرہی ہے، جبکہ دیگر 2 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کیے جانے کے بعد جلد گھر جانے کی اجازت دیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 2 مزید افراد بھی معمولی زخمی ہوئے تھے جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال پہنچ کر علاج کروایا، طبی معائنے کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی گئی ہے۔
ڈپٹی فائر چیف مارک ڈی بیری کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت کے باعث عمارت کے کئی حصے شدید متاثر ہوئے ہیں، اسی لیے امدادی اہلکار انتہائی احتیاط کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریکوری آپریشن مکمل ہونے میں مزید 2 سے 4 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے گیس دھماکے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ متاثرہ عمارت اور اطراف کے علاقے کو عارضی طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
