کراچی میں شدید لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جہاں متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
اورنگی، کورنگی، لیاری، ماڑی پور، لائنز ایریا، قائدآباد، ملیر، منگھوپیر، کیماڑی، سرجانی اور نیو کراچی سمیت مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ سولجر بازار، ہاکس بے روڈ، گلشنِ معمار، لانڈھی اور ملیر کے مکین بھی گھنٹوں بجلی کی غیر موجودگی سے پریشان ہیں۔
طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف اورنگی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں شہری احتجاج کر رہے ہیں۔ بعض علاقوں، خصوصاً اورنگی اور بلدیہ ٹاؤن، سے دو سے تین روز تک بجلی کی فراہمی معطل رہنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک نے 10 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں بجلی کی بندش بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث کی جاتی ہے۔
