کراچی: پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا جس کے تحت پہلی حج پرواز حجاج کرام کو لے کر جدہ سے کراچی پہنچ گئی۔
کراچی ایئرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر اور دیگر افسران نے کیا جبکہ حجاج کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے 860 کے ذریعے 100 سے زائد حجاج کرام وطن واپس پہنچے۔پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 30 جون تک جاری رہے گا جس دوران پی آئی اے جدہ اور مدینہ منورہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔
ترجمان کے مطابق بعد از حج آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 213 پروازیں چلائی جائیں گی جن کے ذریعے 53 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج کرام کو وطن واپس لایا جائے گا۔ جبکہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ آپریشن کی نگرانی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پی آئی اے خود کر رہے ہیں۔
