کراچی: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں یونیورسٹی روڈ صفورا میں واقع نادرا میگا سینٹر کا اچانک دورہ کیا اور بزرگ شہریوں اور خواتین کے کام ترجیحی بنیادوں پر کرنے کے احکامات جاری کئے۔
وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا میگا سینٹر میں شہریوں کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وہ شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملے اور شہریوں سے سینٹر میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں سے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے عمل کے بارے میں پوچھا۔نادرا میگا سینٹر میں موجود شہریوں نےمہیا کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے میں انتظار نہیں کرنا پڑتا۔وقت پر باری آ جاتی ہے اور عملہ بھی مکمل تعاون کرتا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی مختلف کاؤ نٹرز پر گئے اور خصوصاً بزرگ شہریوں سے گفتگو کی اور ان کے ایشوز پوچھے۔
محسن نقوی نے بزرگ شہریوں اور خواتین کے کام ترجیحی بنیادوں پر کرنے کے احکامات جاری کیے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سینٹر کے انچارج اور عملے کی کارکردگی کی تعریف کی۔
