لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی ہاؤسنگ ریگولیٹر بل پلٹے کو قائم مقام ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجینس مقرر کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس تقرری کے ساتھ 38 سالہ بل پلٹے، جن کے پاس قومی سلامتی یا انٹیلی جنس کا کوئی سابقہ تجربہ نہیں، ایسے وقت میں امریکی انٹیلی جنس ادارے کی قیادت سنبھالیں گے جب امریکا ایران کے ساتھ جنگ سمیت متعدد عالمی کشیدگیوں اور خارجہ پالیسی کے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
بل پلٹے اس سے قبل وفاقی ہاؤسنگ فنانس ایجنسی کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اپنے دورِ سربراہی میں انہوں نے ٹرمپ کے بعض سیاسی مخالفین کے خلاف مبینہ مارگیج فراڈ کی تحقیقات کی حمایت کی تھی، تاہم اب تک ان تحقیقات کے نتیجے میں کسی کے خلاف فوجداری الزامات عائد نہیں کیے گئے۔
بل پلٹے اس عہدے سے استعفا دینے والی سابق انٹیلیجینس ڈائریکٹر تلسی گبارڈ کی جگہ لیں گے، جو فروری 2025 سے ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کے منصب پر فائز تھیں۔
