ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں رہائشی اور تجارتی جائیدادوں کے کرایوں میں اضافے پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے، یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور آئندہ احکامات تک کرایوں میں کسی قسم کے اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ نہ صرف نئے کرایہ ناموں بلکہ تجدید شدہ معاہدوں پر بھی کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جا سکے گا۔ جائیداد مالکان کو موجودہ معاہدوں میں درج کرائے سے زیادہ رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ تمام رہائشی اور تجارتی یونٹس پر اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کرایہ داروں کو مالی تحفظ فراہم کرنا، رہائشی اور کاروباری اخراجات میں استحکام برقرار رکھنا اور جائیدادوں کے شعبے میں توازن پیدا کرنا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کاروباری لاگت کے تناظر میں اس فیصلے کو اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابوظبی میں کرایوں سے متعلق یہ کوئی پہلا غیر معمولی اقدام نہیں۔ اس سے قبل 2021 میں کورونا وبا کے دوران بھی ریاستی حکام نے کاروباری سرگرمیوں کو سہارا دینے کے لیے متعدد معاشی اقدامات کیے تھے۔ اس وقت ابوظبی میں کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے کرایے منجمد کر دیے گئے تھے تاکہ وبا سے متاثر ہونے والے کاروباری اداروں کو مالی دباؤ سے بچایا جا سکے۔
ابوظبی حکام نے کہا ہے کہ کرایوں سے متعلق موجودہ پالیسی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور حالات کے مطابق آئندہ فیصلے کیے جائیں گے، فی الحال رہائشی اور تجارتی جائیدادوں کے کرایوں میں کسی بھی اضافے کو تاحکمِ ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔
