English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نئی دہلی: گیسٹ ہاؤس میں خوفناک آگ، 21 افراد ہلاک، متعدد زخمی

القمر

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے جنوبی علاقے مالویہ نگر میں واقع ایک گیسٹ ہاؤس میں خوفناک آگ لگنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ گیسٹ ہاؤس کی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر لگی جو تیزی سے پہلی اور بالائی منزلوں تک پھیل گئی۔ دھواں بھر جانے کے باعث اوپری منزلوں میں موجود افراد شدید مشکلات کا شکار ہو گئے اور عمارت میں بھگدڑ مچ گئی۔

صورتحال اس قدر سنگین ہو گئی کہ متعدد افراد نے جان بچانے کے لیے کھڑکیوں سے چھلانگ لگا دی۔ مقامی رہائشیوں نے سڑک پر گدے بچھا کر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی، ایک خاتون نے اپنے کمسن بچے کے ساتھ تیسری منزل سے چھلانگ لگائی، تاہم دونوں زخمی ہو گئے۔

بھارتی پولیس کے مطابق آگ ’’فلورش اسٹے‘‘ نامی چار منزلہ گیسٹ ہاؤس میں صبح کے وقت لگی۔ گنجان آبادی کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں، آٹھ فائر انجنوں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری رہا، ہلاک ہونے والوں میں 18 غیر ملکی بھی شامل ہیں جن کا تعلق بنگلہ دیش، نائیجیریا، موزمبیق اور لائبیریا سے بتایا جا رہا ہے،ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ کو قرار دیا جا رہا ہے، حتمی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی آگ لگنے کے متعدد بڑے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں ناقص برقی نظام اور حفاظتی اقدامات کی کمی کو اہم وجہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے