اسکردو: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو سیاسی و انتخابی عمل میں اتنی رکاوٹوں کا سامنا نہ کرایا جائے کہ وہ نظام سے باہر نکلنے پر مجبور ہو جائیں۔ ان کا یہ بیان گلگت بلتستان میں منعقدہ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران سامنے آیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں کو اپنے سیاسی حق سے محروم رکھا گیا تو ایسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں جن میں اسمبلیوں اور ایوانِ بالا سے علیحدگی پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، کسی بھی سیاسی قوت کو مسلسل دباؤ میں رکھنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ ان کی جماعت کو انتخابی مہم چلانے سے روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، انتخابی عمل سے قبل غیر مساوی حالات پیدا کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کو ان کے علاقوں تک محدود کرنا یا ان کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کرنا آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور اور خوددار ہیں اور وہ سیاسی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق جو عناصر گزشتہ انتخابات میں کامیابی حاصل نہ کر سکے، اب دوبارہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم عوام ان کے سیاسی رویے اور کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں کی سیاسی کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور عوامی رائے کو متاثر کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، گلگت بلتستان کے عوام اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی سیاسی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس طرح کے بیانات خطے میں جاری سیاسی سرگرمیوں اور انتخابی ماحول کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں، جہاں مختلف جماعتیں عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے متحرک ہیں۔
