English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد دشمن داخلی انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے: ایرانی سپریم لیڈر

القمر

تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ مخالف قوتیں میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد اب ملک کے اندر انتشار اور اختلافات کو ہوا دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

تہران میں بانیٔ انقلابِ ایران روح اللہ خمینی کی 37 ویں برسی کے موقع پر جاری کیے گئے خصوصی پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے قومی اتحاد اور اندرونی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مخالف قوتیں براہِ راست محاذ پر ناکامی کے بعد اب ملک کے اندر انتشار پیدا کرنے کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہیں۔

 مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کو درپیش موجودہ چیلنجز کا مقابلہ صرف قومی یکجہتی، عوامی اعتماد اور مشترکہ عزم کے ذریعے ہی ممکن ہے، دشمن کی کوشش ہے کہ ایرانی معاشرے میں اختلافات کو ہوا دی جائے اور عوام کے حوصلے کو کمزور کیا جائے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے دعویٰ کیا کہ ملک ماضی میں بھی بیرونی دباؤ اور خفیہ سازشوں کا مقابلہ کرتا رہا ہے اور مختلف منصوبوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالف قوتیں اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کے بعد اب نئے طریقۂ کار اختیار کر رہی ہیں اور روایتی محاذ آرائی کے بجائے غیر روایتی حربوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ صورتحال میں ایسی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو معاشرے میں مایوسی، بداعتمادی یا ناامیدی کو فروغ دیتی ہیں، عوامی حوصلے کو متاثر کرنے والا ہر عمل بالواسطہ طور پر دشمن کے مقاصد کو تقویت دے سکتا ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایران کے مخالف عناصر یہ سمجھتے ہیں کہ میدانِ جنگ میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے کے بعد داخلی سطح پر دباؤ بڑھا کر اپنے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنے اور قومی استقامت کو متاثر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ایرانی عوام نے ماضی میں بھی مشکل حالات کا ثابت قدمی سے سامنا کیا ہے اور موجودہ حالات میں بھی اتحاد، یکجہتی اور باہمی اعتماد ہی وہ قوت ہے جو ہر قسم کے بیرونی اور اندرونی چیلنج کا مؤثر جواب ثابت ہو سکتی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے