English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 نیو گوادر ایئرپورٹ کے لیے 15 روزہ فلائٹ شیڈول جاری، ہفتے میں دو دن پروازیں چلیں گی

القمر

گوادر: پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے 15 روزہ فلائٹ آپریشن شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ایئرپورٹ پر محدود مگر باقاعدہ پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق نیا شیڈول 5 جون سے 20 جون تک نافذ العمل ہوگا۔ اس دوران گوادر ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ہفتے میں صرف دو روز جاری رہے گا، جس کا مقصد ابتدائی مرحلے میں آپریشنل نظام کو مرحلہ وار بہتر بنانا ہے۔

شیڈول کے مطابق گوادر ایئرپورٹ پر پروازیں ہر ہفتے پیر اور جمعرات کے دن چلائی جائیں گی۔ ان دنوں کے دوران طیاروں کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت ہوگی۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ محدود شیڈول ایئرپورٹ کے آپریشنل نظام، سکیورٹی، فضائی ٹریفک کنٹرول اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کو جانچنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں باقاعدہ اور مکمل فلائٹ آپریشن شروع کیا جا سکے۔

ترجمان نے بتایا کہ گوادر ایئرپورٹ کے لیے نیا نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں ایئرلائنز اور متعلقہ اداروں کو فلائٹ شیڈول اور آپریشنل اوقات سے آگاہ کیا گیا ہے، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کے اہم ترین اسٹریٹجک منصوبوں میں شمار ہوتا ہے، جس کا مقصد نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے خطے میں فضائی رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔ اس ایئرپورٹ کو مستقبل میں بین الاقوامی معیار کے مطابق بڑے ایوی ایشن حب کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں محدود فلائٹ آپریشن کو ماہرین ایک مثبت قدم قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس سے ایئرپورٹ کے انفراسٹرکچر اور انتظامی ڈھانچے کو مکمل طور پر فعال بنانے میں مدد ملے گی، آنے والے مہینوں میں پروازوں کی تعداد اور آپریشنل دنوں میں بتدریج اضافہ کیا جا سکتا ہے، جس کا انحصار مکمل تکنیکی اور آپریشنل تیاری پر ہوگا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے