English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت کا چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم کا باضابطہ آغاز

القمر

اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر کے چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کے لیے ایک نئی فکسڈ ٹیکس اسکیم کا آغاز کر دیا ہے۔

حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ سے قبل یہ اہم فیصلہ تاجر برادری اور انجمنِ تاجران کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے جس کا مقصد معاشی بہتری ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس اسکیم کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا جن کا سالانہ کاروبار 20 کروڑ روپے سے کم ہے۔ تاجروں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے پرانے یا نئے ٹیکس نظام کا انتخاب کریں۔

اسکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ایک خصوصی شناختی پلیٹ جاری کرے گا۔ اس پلیٹ پر دکان کا نام، ٹیکس نمبر اور کیو آر کوڈ درج ہوگا، جس کے ذریعے ٹیکس حکام ریکارڈ کی تصدیق کر سکیں گے اور دکانداروں کو غیر ضروری چھاپوں سے تحفظ ملے گا۔

بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ اس اقدام سے دکانداروں کو عمومی آڈٹ سے استثنا حاصل ہوگا۔ اگر کبھی خصوصی آڈٹ کی ضرورت پیش آئی تو اس کے لیے تاجر تنظیموں کی مشاورت سے ایک باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

یہ اسکیم ملک کے 40 لاکھ چھوٹے تاجروں کو قومی معیشت میں شامل کرنے کا ذریعہ بنے گی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد ٹیکس کی شرح بڑھانے کے بجائے نظام کو آسان بنانا ہے تاکہ عوام پر مالی بوجھ نہ پڑے۔ معیشت کی ترقی کے لیے ایک منصفانہ اور مؤثر ٹیکس نظام کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں سیلاب اور عالمی مشکلات کے باوجود ملکی معیشت مستحکم رہی ہے۔ حکومت اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لا کر معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے تاکہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے اور ریونیو کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے