سری نگر/لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے جمعرات کو مرکز کے نئے کونسلیں قائم کرنے کے فیصلے کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے کے تمام سات اضلاع میں خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں (ایل اے ایچ ڈی سیز) کے قیام کے نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ہی پانچ نئے تشکیل دیے گئے اضلاع میں منتخب مقامی خود حکمرانی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔مرکز نے 13 جولائی کو مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں نئی ایل اے ایچ ڈی سیز قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ منظوری کے بعد اب لداخ کے تمام سات اضلاع لیہہ، کرگل، شام، نوبرا، چانگ تھانگ، زنسکار اور دراس میں ایل اے ایچ ڈی سیز قائم ہوں گی۔ منتخب مقامی خود حکمرانی کا جو نظام پہلے صرف لیہہ اور کرگل تک محدود تھا، اب اسے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے پانچ نئے اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔یہ پیش رفت لداخ میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور بنیادی سطح پر حکمرانی کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ نئی کونسلوں کے قیام سے لوگوں کو اپنے متعلقہ اضلاع کی ترقی اور انتظامیہ سے متعلق معاملات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کا ادارہ جاتی نظام فراہم ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر سکسینہ نے کہاکہ ’’تمام سات اضلاع میں خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کا قیام لداخ میں بنیادی سطح کی حکمرانی کو مضبوط بنانے کی جانب ایک سنگ میل ہے۔ اس سے عوام کو بااختیار بنایا جائے گا اور ترقیاتی عمل مقامی ضروریات اور خواہشات کے زیادہ مطابق ہوگا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے اس تاریخی قدم کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ساتوں کونسلوں کے قیام سے شراکتی مقامی حکمرانی کو نچلی سطح تک لے جاکر اسے مضبوط بنایا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں مقامی خواہشات اور ترجیحات ضلع کی سطح پر منصوبہ بندی اور ترقی میں زیادہ مؤثر انداز میں شامل کی جاسکیں گی۔
مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے محکمہ ریونیو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نو تشکیل شدہ کونسلوں کے انتخابات مناسب وقت پر کرائے جائیں گے۔ اس کے لیے پہلے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل ایکٹ، 1997 کی دفعہ 8 کے تحت باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔یہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کی تاریخ سے نافذ العمل ہوگا۔