گول// جموں و کشمیر ٹیچرز ایسوسی ایشن (جے کے ٹی اے) کے بینر تلے آج ہائر سیکنڈری اسکول گول کے نزدیک زون گول کے معزز اساتذہ کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں زونل ایگزیکٹو باڈی تشکیل دے کر مختلف عہدوں کے لیے اساتذہ کو نامزد کیا گیا۔
میٹنگ میں امتیاز احمد نائیک، جاوید گتو، جاوید اقبال، غلام محمد، حکم الدین مغل، محمد امین نائیک، خورشید حسین، محمد اسماعیل، ارشد میر اور حاجی مشتاق بٹ سمیت متعدد اساتذہ نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران زونل ایگزیکٹو باڈی تشکیل دی گئی، جس میں ارشد احمد میر کو زونل صدر، حاجی مشتاق بٹ کو زونل نائب صدر، جاوید اقبال گٹّو کو جنرل سیکریٹری، حکم الدین مغل کو آرگنائزر اور خورشید حسین کو کوآرڈینیٹر نامزد کیا گیا۔
اس موقع پر نو منتخب عہدیداران نے اساتذہ برادری سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اساتذہ کے تمام جائز مسائل کو ضلع صدر فاروق احمد رنیال کی قابل قیادت میں اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا تاکہ ان کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کی تذلیل، ہراسانی یا کسی بھی سطح پر انہیں دھمکانے کے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اساتذہ کے وقار اور حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
میٹنگ کے اختتام پر ایسوسی ایشن کے سینئر ترین رکن امتیاز احمد نائیک نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments