رفیع آباد سے لاپتہ 15 سالہ لڑکی سری نگر میں بحفاظت بازیاب، پولیس

بارہمولہ/شمالی ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے سے دسویں جماعت کے بورڈ امتحان میں شرکت کے بعد لاپتہ ہونے والی 15 سالہ لڑکی کو بدھ کے روز سری نگر ضلع میں بحفاظت تلاش کر لیا گیا۔
ایک پولیس افسر نے شبتایا کہ لڑکی کو تکنیکی اور انسانی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے تلاش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 19 اکتوبر کو لڑکی کے لاپتہ ہونے کے بعد سے ہی اس کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری تھیں۔
پولیس افسر کے مطابق رفیع آباد کے لائسر گاؤں کی رہائشی عُظمیٰ ارشاد گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول ڈانگی واچہ میں دسویں جماعت کے امتحان میں شرکت کے بعد لاپتہ ہوگئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ کے مطابق لڑکی امتحانی مرکز سے نکلنے کے بعد واٹرگام گاؤں پہنچی، جس کے بعد اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔
افسر نے کہا کہ لڑکی کے لاپتہ ہونے کے بعد اہل خانہ نے عوام سے اس کی تلاش میں مدد کی اپیل کی تھی۔ اس دوران سوشل میڈیا پر بھی معاملے نے توجہ حاصل کی اور متعدد افراد نے لڑکی کی تصاویر شیئر کرکے اس کا سراغ لگانے میں مدد کرنے کی کوشش کی۔
بدھ کی صبح لڑکی کی بحفاظت بازیابی کے بعد اہل خانہ نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ اس کی تصاویر ڈیلیٹ کریں اور انہیں مزید شیئر کرنے سے گریز کریں۔ خاندان نے لوگوں سے نابالغ لڑکی کی نجی زندگی اور رازداری کا احترام کرنے کی بھی درخواست کی۔
اہل خانہ نے تلاش کے دوران تعاون کرنے والے عوام، خیر خواہوں اور تمام مددگار افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں