علاقے کو ممکنہ خطرات سے پاک کرنے اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کی موجودگی کا پتا لگانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے
گوادرمیں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،خاتون سمیت 10دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور شہر کے نواحی علاقوں میں دہشت گردی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے ایک خاتون سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ حملوں کے دوران ایک شہری بھی ہلاک ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 22 اکتوبر 2026 کو بھارت نواز دہشت گردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور شہر کے نواحی علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ مختلف مقامات پر جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون سمیت 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردانہ حملوں کے دوران ایک شہری ہلاک ہوا جبکہ چند گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کو کسی جانی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور کارروائی مکمل ہونے پر علاقے میں امن و امان اور ریاست کی رٹ بحال کردی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ حملے میں ایک بلوچ خاتون کو زبردستی شامل کرنا بلوچ خواتین کے احترام اور تقدس کے منافی ہے۔ بیان کے مطابق دہشت گرد خواتین کو پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرکے عوامی جذبات بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے عوام ان عناصر کو مسترد کرتے ہیں جو ان کے نام پر تشدد کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔