’ایمرجنگ سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن کانکلیو 2026‘ کا آج افتتاح کریں گے وزیر اعظم نریندر مودی

وزیر اعظم نریندر مودی منگل کے روز نئی دہلی میں واقع بھارت منڈپم میں ’ایمرجنگ سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن کانکلیو 2026‘ کا افتتاح کریں گے۔27 سے 29 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس سہ روزہ کانکلیو میں مشہور سائنس داں، محققین، ماہرین تعلیم، پالیسی ساز، صنعت کی سرکردہ شخصیات، اسٹارٹ اپس اور بین الاقوامی ماہرین شامل ہوں گے۔ وہ ترقی کر رہی ٹیکنالوجیز اور سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع سے متعلق ہندوستان کی ترجیحات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ اس کانکلیو میں 12 اہم موضوعات پر گفتگو کی جائے گی، جن میں مصنوعی ذہانت، بایو ٹیکنالوجی، جدید میٹریلز، مینوفیکچرنگ، صحت کی دیکھ بھال، توانائی، موسمیاتی سائنس اور سمندری تحقیق شامل ہیں۔

مذاکرات کا بنیادی مرکز تحقیقی ترجیحات کا تعین کرنا، قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور سائنسی دریافتوں کو عملی زندگی کے مسائل کے حل میں تبدیل کرنا ہوگا۔ اس پروگرام میں بڑے پیمانے پر ٹیکنالوجی اور اختراع کی نمائش بھی کی جائے گی، جس میں ہندوستان کی سائنسی حصولیابیاں اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو پیش کیا جائے گا۔ تقریباً 150 ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اپس اپنے اسٹال لگائیں گے، جہاں وہ جدید ترین اختراعات کا مظاہرہ کریں گے اور مختلف شعبوں میں ان کے ممکنہ استعمال کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔ ’گلوبل کنیکٹ نیٹ ورکنگ ایونٹ‘ نام کی ایک نئی پہل کے تحت ہندوستان اور بیرون ملک کے تعلیمی اداروں، تحقیقی اداروں اور صنعت سے وابستہ 300 سے زیادہ مدعو شرکاء ایک ساتھ جمع ہوں گے۔ یہ پلیٹ فارم بین الاقوامی تحقیقی شراکت داری، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون اور اختراعات کو تجربہ گاہوں سے بازار تک پہنچانے کے طریقوں پر غور کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

اسرو بھی اس کانکلیو کا حصہ ہوگا اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا مظاہرہ کرے گا۔ خلائی ایجنسی کے سربراہ وی نارائنن نے پروگرام سے قبل منعقدہ ایک تقریب میں بتایا کہ اسرو کی نمائش میں اگلی نسل کے ’ہیوی لفٹ لانچ وہیکل‘ کا ماڈل رکھا جائے گا۔ یہ لانچ وہیکل 30000 کلوگرام سے زیادہ وزن کے پے لوڈ کو زمین کے نچلے مدار (لو ارتھ آربٹ) میں پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔ اس پروگرام میں چندریان-4 اور چندریان-5 مشنوں کو بھی پیش کیا جائے گا، جن کا مقصد ہندوستانی خلابازوں کو چاند پر بھیجنا ہے۔ یہ کانفرنس ایک قومی پلیٹ فارم ہے، جس کا انعقاد سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) نے حکومت ہند کے پرنسپل سائنسی مشیر کے دفتر کی رہنمائی میں کیا ہے۔ ای ایس ٹی آئی سی 2026 کا مقصد ’وکست بھارت 2047‘ کے وژن کی حمایت کرتے ہوئے ہندوستان کے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں