جموں و کشمیر میں شہداء کی قربانیاں کھیلوں کے فروغ کے لیے مشعلِ راہ ہیں: پولیس سربراہ

سری نگر/جموں و کشمیر پولیس سربراہ نلین پربھات نے جمعرات کو پولیس کے 1,621 شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پولیس فورس کو امن کے قیام اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے مسلسل تحریک فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے شہداء کی یاد میں فٹ بال اور ہاکی ٹورنامنٹس منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔
نلین پربھات نے یہ باتیں جمعرات کو ڈل جھیل کے کنارے پولیس گالف کورس میں جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے منعقدہ سائیکل ریس ’پیڈل تھرو پیراڈائز‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں ہمیشہ فورس کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی، جبکہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں میں نظم و ضبط، جسمانی صحت اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ محض جسمانی فٹنس کی علامت نہیں بلکہ اس سے نظم و ضبط کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں میں نوجوانوں کی شرکت موبائل فون کی لت اور اسکرین کے سامنے ضرورت سے زیادہ وقت گزارنے جیسے مسائل پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
نلین پربھات نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی امنگیں اور تعمیری سرگرمیوں میں شرکت ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نوجوان نسل کے ساتھ مل کر کام کرنے اور منشیات کے استعمال اور جوئے سمیت سماجی برائیوں سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ڈی جی پی نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس انتظامیہ کے اشتراک سے ضلعی سطح پر مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔
حالیہ سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میراتھن اور ’جشنِ ڈل‘ میں لوگوں کی شرکت حوصلہ افزا رہی ہے۔
نلین پربھات نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں کئی کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں شہداء کی یاد میں فٹ بال اور ہاکی ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں۔ ان مقابلوں کا مقصد پولیس شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں