جاوید اقبال چودھری بنام ستیش شرما: عہدہ عارضی، ایمانداری اور دیانت داری کی عزت دائمی ہے

سرینگر/کابینہ میں ردوبدل کے دوران وزارت سے فارغ کیے گئے ستیش شرما کی حمایت میں اب ایک غیر متوقع آواز حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس کی جانب سے سامنے آئی ہے۔
ایک بیان میں بدھ کے روز بدھل کے این سی رکن اسمبلی جاوید اقبال چوہدری نے کہا کہ عہدے اور منصب عارضی ہوتے ہیں، جبکہ ایمانداری، دیانت داری اور حوصلے سے حاصل ہونے والی عزت ہمیشہ برقرار رہتی ہے۔
جاوید اقبال چوہدری نے ستیش شرما سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’ستیش شرما جی، دوسروں کو عہدے اور وزارتیں مل سکتی ہیں، لیکن آپ نے ایمانداری اور دیانت داری کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ اسی خلوص اور حوصلے کے ساتھ سماج کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں۔ ایمانداری سے حاصل ہونے والی عزت کسی بھی عہدے سے کہیں زیادہ قیمتی ہوتی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی میں کسی شخص کی قدر و منزلت کا تعین اس کے عہدے سے نہیں، بلکہ ان اصولوں سے ہونا چاہیے جن پر وہ ثابت قدم رہتا ہے۔
بدھل کے رکن اسمبلی نے مزید کہا، ’’کسی شخص سے اس کا عہدہ چھینا جا سکتا ہے، لیکن اس کی عزتِ نفس، دیانت داری اور عوام کی جانب سے حاصل ہونے والے احترام کا فیصلہ کسی کرسی کے ذریعے نہیں کیا جا سکتا۔‘‘
قابلِ ذکر ہے کہ جاوید اقبال چوہدری ان 11 ارکانِ اسمبلی میں شامل تھے جنہوں نے منگل کے روز نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں