(29 اکتوبر 2026): شادی کی تقریب کے دوران اچانک ہنگامہ ہو گیا اور دلہن کے رشتے داروں نے دولہا کو زندہ جلانے کی کوشش کی۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ بھارت کے ضلع ناسک میں پیش آیا، جہاں لڑکا اور لڑکی کی باہمی پسند سے شادی کی جا رہی تھی کہ تقریب کے دوران اچانک افراتفری مچ گئی۔
یہ افراتفری اس وقت مچی جب دلہن کے چند مشتعل رشتے دار ڈیزل سے بھرا کین لے کر تقریب میں پہنچ گئے۔ انہوں نے دولہا اور باراتیوں پر ڈیزل چھڑک کر انہیں زندہ جلانے کی کوشش کی۔ تاہم موقع پر موجود لوگوں نے انہیں بڑی مشکل سے اس انتہائی قدم سے باز رکھا۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران باراتیوں کے ساتھ مار پیٹ بھی کی گئی، جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ لڑکا اور لڑکی دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔ تاہم اس وقت گھر والوں کے رضامند نہ ہونے پر انہوں نے ستمبر میں گھر سے بھاگ کر ہندو میرج ایکٹ کے تحت شادی کر لی تھی۔
شادی کے بعد دونوں نے اپنے گھر والوں کو یہ رشتہ قبول کرنے پر راضی کیا، جس کے بعد گزشتہ روز خاندان والوں کی موجودگی میں روایتی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا رسومات جاری تھیں کہ اسی دوران دلہن کے کچھ رشتہ دار اچانک وہاں ڈیزل سے بھرے ڈبے لے کر پہنچے اور ہنگامہ شروع کر دیا۔
دوسری جانب اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ فریقین کی شکایات پر پورے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔