سرینگر میں ای ڈی کے چار مقامات پر چھاپے

سرینگر/انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کو سرینگر شہر میں چار مقامات پر تلاشی کارروائی انجام دی۔ یہ کارروائی مبینہ ملی ٹینسی کی مالی معاونت سے متعلق جاری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ تحقیقات عمر عادل ڈار کے خلاف ان الزامات سے متعلق ہیں کہ وہ ممنوعہ تنظیم لشکرِ طیبہ (ایل ای ٹی) کے اوور گراؤنڈ ورکر (او جی ڈبلیو) کے طور پر کام کر رہا تھا اور تنظیم سے وابستہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
عہدیدارکے مطابق، ڈار کو اس کے ساتھیوں کے ہمراہ اس سے قبل مبینہ طور پر بڑی مقدار میں نقد رقم اور ممنوعہ تنظیم سے متعلق قابلِ اعتراض لٹریچر کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ عمر عادل ڈار جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند اور بھارت مخالف سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے معاملے میں پہلے بھی تقریباً چار سال جیل میں رہ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تازہ تلاشی کارروائیوں کا مقصد مبینہ طور پر جرائم سے حاصل ہونے والی آمدنی کا سراغ لگانا، مالیاتی نیٹ ورک اور فنڈنگ کے ذرائع کی نشاندہی کرنا، سرحد پار موجود ہینڈلرز کے ساتھ مشتبہ روابط کی جانچ کرنا اور ملی ٹینسی کی مبینہ مالی معاونت سے متعلق مزید شواہد اکٹھا کرنا ہے۔عہدیدارکے مطابق، تلاشی کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں