سری نگر/جموں و کشمیر پولیس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر ونگ نے ملی ٹینٹوں کی بھرتی سے متعلق ایک معاملے میں جمعہ کو وادی کشمیر کے چھ مختلف مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سی آئی کے کی ٹیموں نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام، سری نگر اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بج بہاڑہ اور مٹن علاقوں کے علاوہ ضلع پلوامہ کے ایک گاؤں میں رہائشی مکانات کی تلاشی لی۔انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائیاں مقامی پولیس اور محکمہ مال کے افسران کے تعاون سے ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی موجودگی میں انجام دی گئیں۔
ایک افسر کے مطابق، پولیس اسٹیشن سی آئی کے سری نگر میں درج ایف آئی آر نمبر 07/2023 کے تحت یہ معاملہ ایک مبینہ ملی ٹینٹ بھرتی ماڈیول سے متعلق ہے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے اور ممنوعہ ملی ٹینٹ تنظیموں میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
افسر نے مزید بتایا کہ تحقیقات کا آغاز ایسی اطلاعات موصول ہونے کے بعد کیا گیا، جن میں انکشاف ہوا تھا کہ پاکستان میں مقیم بعض افراد مبینہ طور پر لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) اور دیگر ممنوعہ تنظیموں کے ہینڈلرز کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کو ورغلانے اور ملک کی خودمختاری و سالمیت کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کارروائیوں کے دوران کسی قسم کی برآمدگی یا گرفتاری کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments