پنجاب سے بہار جا رہی ’کرم بھومی ایکسپریس‘ کے 4 ڈبوں میں لگی خوفناک آگ، گھبرا کا مسافر ٹرین سے کودے

پنجاب کے پٹیالہ-راجپورا کے پاس کرم بھومی ایکسپریس ٹرین کے 4 ڈبوں میں آگ لگنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چلتی ٹرین میں آگ لگنے سے مسافروں میں افرا تفری مچ گئی اور ٹرین رکتے ہی مسافر کودتے نظر آئے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بڑی تعداد میں مسافروں کو آگ نے نقصان بھی پہنچایا ہے، حالانکہ کسی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق ٹرین پنجاب سے بہار کی طرف جا رہی تھی اور اس کی آخری منزل مغربی بنگال (نیو جلپائی گوڑی) تھی۔ پٹیالہ میں سرائے بنجارا کے قریب ٹرین میں آگ لگی جو تیزی کے ساتھ پھیلتی چلی گئی۔ دیکھتے ہوئے دیکھتے جائے وقوع پر دھوئیں کا غبار پھیل گیا اور مسافر ڈر کر ٹرین سے اترنے لگے۔ ٹرین میں لگی آگ کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں، جن سے خوفناکی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ابھی تک یہ نہیں پتہ چل سکا ہے کہ آخر یہ آگ کس طرح لگی۔

بتایا جا رہا ہے کہ تہواروں کی وجہ سے ٹرین کھچاکھچ بھری ہوئی تھی اور لوگ اپنے گاؤں گھر جا رہے تھے۔ ٹرین کے جن ڈبوں میں آگ لگی تھی، ان میں موجود مسافروں نے آگ دیکھتے ہی شور مچانا شروع کر دیا۔ ڈرائیور کو آگ لگنے کی جیسے ہی خبر ملی، اس نے ٹرین کو روک دیا۔ ٹرین رکتے ہی متاثرہ ڈبوں کے مسافر تیزی کے ساتھ ٹرین سے نیچے اتر گئے، جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔

میڈیا رپورٹس میں مطلع کیا گیا ہے کہ آگ انجن کے بعد والے ڈبوں میں لگی ہے، اور اس کی خبر ملتے ہی ڈرائیور نے ٹرین کو روک کر اس کی جانکاری متعلقہ افسران کو دی۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرین سے مسافروں کو اتارا گیا اور ریلوے کی ٹیموں کے ساتھ فائر بریگیڈ محکمہ نے بھی موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔ ناردرن ریلوے کے چیف پبلک رلیشنز افسر ہمانشو شیکھر اپادھیائے نے بتایا کہ انبالہ ڈویژن کے سرائے بنجارا ریلوے اسٹیشن کے پاس امرتسر سے نیو جلپائی گوڑی جانے والی 12508 کرم بھومی ایکسپریس کے 4 ڈبوں میں آگ لگی ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سیفٹی سسٹم کے وقت پر کام کرنے کی وجہ سے ٹرین رک گئی اور آگ پر قابو پانے کا کام چل رہا ہے۔ سبھی سینئر افسران موقع پر پہنچ چکے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں