دیوالی کے پیش نظر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سیکورٹی انتظامات مزید سخت

سرینگر/دیوالی تہوار کے پیش نظر ،امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے پولیس نے سرینگر جموں قومی شاہراہ پر سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں قاضی گنڈ، ویسو، السٹاپ، میر بازار اور کھڈونی سمیت شاہراہ کے مختلف اہم اور حساس مقامات پر پولیس کی جانب سے نگرانی اور حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دیوالی کے موقع پر مسافروں، ٹرانسپورٹروں سمیت عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے قومی شاہراہ پر خصوصی چیکنگ مہم جاری ہے۔ اس دوران پولیس اہلکار مختلف مقامات پر گاڑیوں کی تلاشی، مسافروں کی جانچ پڑتال اور مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق حساس مقامات پر سیکورٹی اہلکاروں کی چوکسی مزید بڑھا دی گئی ہے، جبکہ شاہراہ پر گشت اور نگرانی کا عمل بھی مسلسل جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ تہوار کے دوران امن و امان برقرار رکھنا اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے تحت سیکیورٹی اہلکار چوبیس گھنٹے الرٹ رہ کر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں، چیکنگ کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا غیر معمولی نقل و حرکت کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضلع میں امن، سلامتی اور عوامی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ دیوالی کا تہوار پُرامن ماحول میں منایا جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں