پاکستان میں 12 انتظامی یونٹس بنائے جائیں،خواجہ آصف

افغانستان میں پہلے 8 سے 10 صوبے تھے، جنہیں تقسیم کرکے 30 سے 32 صوبوں میں تبدیل کردیا گیا۔

November 8, 2026 · اہم خبریں

پاکستان میں 12 انتظامی یونٹس بنائے جائیں،خواجہ آصف

پاکستان میں 12 انتظامی یونٹس بنائے جائیں،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی نئے انتظامی یونٹس قائم کرنے پر غور ہونا چاہیے، 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز گزشتہ دو ماہ سے زیر بحث ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک میں بہتر انتظامی امور اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے انتظامی یونٹس قائم کیے جاتے ہیں، پاکستان میں بھی اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ماضی میں ملک کے تمام صوبوں کو ضم کرکے ون یونٹ بنانے کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعد ازاں اس نظام کو ختم کرکے سابقہ صوبائی ڈھانچہ بحال کردیا گیا تھا۔

وزیر دفاع کے مطابق پاکستان کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے، اس لیے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پہلے 8 سے 10 صوبے تھے، جنہیں تقسیم کرکے 30 سے 32 صوبوں میں تبدیل کردیا گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اختیارات کا ارتکاز صرف لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات انتظامی یونٹس تک منتقل کیے جانے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق سے صوبوں کو منتقل ہونے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے اختیار میں رہ جاتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل مقصد بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام تک سہولتیں پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے بھی صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔

وزیر دفاع نے زور دیا کہ سیاست دانوں کو سمجھنا چاہیے کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں، تاہم سیاست دان تمام اختیارات اپنے پاس رکھنے کے خواہش مند نظر آتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ملک میں 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو اس پر عمل کیا جانا چاہیے، تاہم نئے یونٹس کی تشکیل میں زبان، نسل یا سیاسی مفادات کے بجائے انتظامی ضروریات اور عوامی سہولت کو بنیاد بنایا جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں