دونوں کمپنیوں کے کاربن اخراج نے عالمی حدت اور موسمیاتی تبدیلی میں اضافہ کیا، جس کے باعث 2022 کے تباہ کن سیلاب کی شدت بڑھی اور ان کی فصلیں، مویشی اور گھر تباہ ہوگئے۔کسانوں کا مؤقف
سیلاب متاثرہ 39 پاکستانی کسان جرمن عدالت پہنچ گئے
کسانوں کا مؤقف ہے کہ دونوں کمپنیوں کے کاربن اخراج نے عالمی حدت اور موسمیاتی تبدیلی میں اضافہ کیا، جس کے باعث 2022 کے تباہ کن سیلاب کی شدت بڑھی اور ان کی فصلیں، مویشی اور گھر تباہ ہوگئے۔
مقدمے میں شامل جیکب آباد کے رہائشی عبدالحفیظ کھوسو کا کہنا ہے کہ 2022 کا سیلاب قیامت خیز تھا، ایسا موسم ان کے بزرگوں نے بھی اپنی زندگی میں نہیں دیکھا تھا۔ ان کے بقول سیلاب نے ان کے خاندان سمیت علاقے کے لوگوں کو سب کچھ کھونے پر مجبور کر دیا۔
دوسرے درخواست گزار عبدالخالق لغاری کے مطابق سیلاب میں ان کا گھر، 40 ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور مویشی تباہ ہوگئے، جس سے انہیں تقریباً 14 ہزار ڈالر کا نقصان ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ آج تک اپنا قرض واپس کرنے کے قابل نہیں ہو سکے۔
مقدمے میں کسان تقریباً 10 لاکھ یورو معاوضے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ مقدمہ جرمنی کی ہائیڈل برگ علاقائی عدالت میں دسمبر 2025 میں دائر کیا گیا تھا۔ کسانوں کو پاکستانی اور یورپی تنظیموں کی معاونت بھی حاصل ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق یہ مقدمہ موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات پر بڑی کمپنیوں کو جواب دہ ٹھہرانے کی عالمی کوششوں میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ اس سے قبل پیرو کے ایک کسان نے بھی جرمن کمپنی آر ڈبلیو ای کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ اگرچہ ان کا معاوضے کا دعویٰ مسترد ہوگیا تھا، تاہم عدالت نے کاربن اخراج کرنے والی کمپنیوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کے امکان کو تسلیم کیا تھا۔
دوسری جانب دونوں جرمن کمپنیوں نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ہائیڈل برگ میٹریلز کا کہنا ہے کہ اس کی سرگرمیاں جرمن قوانین کے مطابق ہیں، جبکہ آر ڈبلیو ای نے مقدمے کو جرمن عدالتوں کے ذریعے موسمیاتی پالیسی کے مطالبات منوانے کی ایک اور کوشش قرار دیا ہے۔
مقدمے کا فیصلہ آنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں، تاہم متاثرہ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تباہی کا انصاف چاہتے ہیں اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے بھی یہ قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔