سرکاری ملازمت اور تبادلوں کے نام پر لاکھوں کی دھوکہ دہی کے الزام میں ایک شخص کے خلاف چارج شیٹ داخل

سری نگر/کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفنسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے خود کو سی آئی ڈی افسر ظاہر کرکے سرکاری ملازمتیں اور تبادلے کروانے کے نام پر لوگوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف منگل کو عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ای او ڈبلیو کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 24/2023، زیر دفعات 420 اور 468 آئی پی سی کے تحت ملزم غلام حسن ڈار ولد محمد یوسف ڈار ساکن دھوبی گھاٹ حضرت بل کے خلاف عدالتِ سب جج سری نگر میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔
ترجمان کے مطابق، یہ مقدمہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم خود کو دہلی میں تعینات سی آئی ڈی افسر ظاہر کرکے لوگوں کو سرکاری کام کروانے کا جھانسہ دیتا تھا۔ملزم نے مبینہ طور پر ریلوے محکمے کے ایک ملازم کا تبادلہ اتراکھنڈ سے سری نگر کروانے کا وعدہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک دوسرے شخص کو محکمہ صحت میں نرسنگ آرڈرلی کی ملازمت دلانے کی یقین دہانی کرائی اور اس سلسلے میں جعلی تقرری نامے اور فرضی ڈیپوٹیشن لیٹر بھی فراہم کیا، جس کے عوض اس نے متاثرین سے لاکھوں روپے وصول کیے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تحقیقات کے دوران الزامات درست ثابت ہونے کے بعد کیس کو ثابت شدہ قرار دیا گیا اور ملزم کی عدم موجودگی میں دفعہ 512 ضابطہ فوجداری کے تحت عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی، کیونکہ ملزم اس وقت مفرور ہے۔بیان میں ایس ایس پی ای او ڈبلیو کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری تعلقات کا دعویٰ کرنے والے افراد کی اسناد اور شناخت کی تصدیق کریں اور سرکاری ملازمت یا تبادلے کے لیے غیر مجاز ذرائع سے کسی کو رقم ادا نہ کریں۔ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی کی اطلاع ای او ڈبلیو کشمیر کو دی جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں