بامبے ہائی کورٹ نے جنوبی ممبئی کے گیرگاؤں چوپاٹی پر چھٹھ پوجا منانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں دائر کی گئی فوری عرضی عدالت نے خارج کر دی ہے۔ یہ معاملہ جسٹس ادویت ایم سیٹھنا اور جسٹس رنجیت سنگھ راجا بھوسلے کی ویکیشن بنچ کے سامنے سماعت کے لیے آیا تھا۔ عرضی میں ڈی بی مارگ پولیس اسٹیشن کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا تھا، جس میں پولیس نے ساحل سمندر پر چھٹھ پوجا کے لیے اسٹیج بنانے اور دیگر انتظامات کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق یہ عرضی ’متھلا چھٹھ پوجا سنگھ‘ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ تنظیم نے 15 اور 16 نومبر کو گیرگاؤں چوپاٹی پر چھٹھ پوجا کے انعقاد کے لیے اجازت طلب کی تھی۔ منتظمین کا منصوبہ تھا کہ 15 نومبر کی دوپہر 3 بجے سے 16 نومبر کی صبح 8 بجے تک ساحل پر اسٹیج بنایا جائے اور پوجا کے لیے دیگر ضروری انتظامات کیے جائیں۔ لیکن ڈی بی مارگ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر نے 17 ستمبر کو ہی اس تجویز پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، اور پولیس کے اس فیصلے کے خلاف تنظیم نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :
سماعت کے دوران عدالت نے صاف کہا کہ مذہبی آزادی کا حق لامحدود نہیں ہے۔ بنچ نے آئین کی دفعہ 25 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی آزادی ہے، لیکن یہ آزادی عوامی نظم و ضبط، صحت اور اخلاقیات سے مشروط ہے۔ ججوں نے تبصرہ کیا کہ ہندوستان مختلف مذاہب کا ملک ہے۔ آئین ہر شخص کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کرنے کا حق دیتا ہے، لیکن اس کے ساتھ کچھ ضابطے اور توازن بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ مذہبی تقریبات کا انعقاد کرتے وقت عوامی مفاد اور قانونی نظم و نسق کی صورتحال کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی مذہبی تقریب سے عوامی نظم و ضبط متاثر ہوتا ہے تو اس پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ اسی بنیاد پر عدالت نے پولیس کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکار کرتے ہوئے عرضی خارج کر دی۔