سری نگر/وادی میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے آگ سے بچاؤ کے لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کے مطابق ضلع سری نگر میں رواں سال اکتوبر تک آتشزدگی کے 493 واقعات پیش آئے ہیں، تاہم گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ان واقعات میں کمی درج کی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کشمیر عاقب حسین میر نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ محکمہ نے موسم سرما کے پیش نظر آگ سے تحفظ کے لیے ایک جامع ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں عوام سے ہیٹنگ آلات، ایل پی جی بخاریوں، کانگڑیوں اور الیکٹرک کمبلوں کے استعمال کے دوران ضروری احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف مستند ڈیلروں سے معیاری اور آئی ایس آئی نشان والے ہیٹنگ آلات خریدیں، جبکہ پرانے آلات کو استعمال کرنے سے قبل مستند ٹیکنیشن سے ان کی جانچ اور مرمت کروائیں۔
ایل پی جی بخاریوں کے حوالے سے انہوں نے مناسب ہوا کی آمدورفت (وینٹی لیشن) کو انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ان کے غیر محتاط استعمال سے کاربن مونو آکسائیڈ گیس کا اخراج ہوسکتا ہے، جو صحت کے سنگین مسائل پیدا کرنے کے علاوہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔انہوں نے کانگڑیوں کو پردوں، بستروں، کپڑوں اور دیگر آتش گیر اشیاء سے دور رکھنے اور انہیں کبھی بھی بغیر نگرانی کے نہ چھوڑنے کی ہدایت دی۔
الیکٹرک کمبلوں کے استعمال سے متعلق محکمہ نے خبردار کیا کہ انہیں گیلی جگہوں پر نہ رکھا جائے اور نہ ہی گرم پانی کی بوتلوں کے ساتھ استعمال کیا جائے، کیونکہ بجلی کے رساؤ سے شارٹ سرکٹ اور جھلسنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں۔ عوام کو سونے سے قبل الیکٹرک کمبل بند کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ نے گھروں کی چھتوں یا بالائی حصوں میں خشک گھاس، چارہ اور کوئلہ ذخیرہ کرنے سے بھی گریز کرنے کی اپیل کی ہے، کیونکہ یہ اشیاء آگ لگنے کی صورت میں اس کے پھیلاؤ کی رفتار کو بڑھا سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ ہر گھر میں کم از کم 5 سے 6 کلوگرام وزنی معیاری ڈرائی کیمیکل پاؤڈر (ڈی سی پی) فائر ایکسٹنگوشر رکھنے اور اہل خانہ کو اس کے استعمال سے واقف کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔
عاقب حسین میر نے عوام سے اپیل کی کہ آگ لگنے کی کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر 101 پر رابطہ کریں یا مدد کے لیے اپنے قریبی فائر اسٹیشن سے رجوع کریں۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments