سرینگر/لیہہ میں جاری بھوک ہڑتال کے درمیان، لداخ کی مقامی تنظیموں نے مرکزی حکومت سے اس وقت تک مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جب تک کہ آئندہ دسمبر میں ہونے والے انتخابات کو اگلے سال تک ملتوی نہیں کر دیا جاتا۔ ان تنظیموں کو خدشہ ہے کہ نئی دہلی انتخابات کے بعد منتخب نمائندوں کو آگے لا کر مذاکراتی عمل سے انہیں بے دخل کر سکتی ہے۔
مرکزی حکومت نے ’لیہہ ایپکس باڈی‘ (ایل اے بی) کو خطے میں جمہوری ڈھانچے اور آئینی تحفظات کے معاملے پر دسمبر کے دوسرے ہفتے میں بات چیت کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ وزارتِ داخلہ کے پینل، لیہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے درمیان گزشتہ 15 اکتوبر کو ہونے والی میٹنگ کے بعد سے مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ اگست سال 2019ء میں سابقہ ریاست جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد لداخ کو بغیر مقننہ (اسمبلی) کے مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ (یو ٹی) بنایا گیا تھا۔
لیہہ ایپکس باڈی کے چیئرمین چیرنگ دورجے لکروک نے کہا کہ ’’وزارتِ داخلہ نے اپنے ایک نمائندے کے ذریعے انتخابات ختم ہونے کے بعد دسمبر کے دوسرے ہفتے میں مذاکرات کے لیے غیر رسمی دعوت نامے کا پیغام بھجوایا ہے، تاہم کوئی باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ ہم نے باضابطہ دعوت نامہ جاری کرنے اور ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات کو اگلے سال جون تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘
ہمالیہ کے اس خطے کے نئے تشکیل شدہ آٹھ اضلاع میں دسمبر کے دوران پے در پے تین انتخابات—جن میں پنچایت، بلدیاتی انتخابات اور ایل اے ایچ ڈی سی (لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل) کے انتخابات شامل ہیں—منعقد ہونا طے ہیں۔ لیہہ ایپکس باڈی لیہہ کے این ڈی ایس پارک میں جاری بھوک ہڑتال کی قیادت کر رہی ہے، جس میں انتخابات ملتوی کرنے اور جمہوری ڈھانچے و آئینی تحفظات پر نئی دہلی کے ساتھ بامعنی مذاکرات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں، ان تنظیموں نے صدرِ جمہوریہ ہند، وزیر اعظم نریندر مودی، قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کو مؤخر کرانے کے لیے مداخلت کریں۔
لکروک کو خدشہ ہے کہ ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات جلد بازی میں اس لیے کرائے جا رہے ہیں تاکہ مرکز کو مذاکراتی عمل میں لیہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کی جگہ منتخب نمائندوں کو شامل کرنے کا موقع مل سکے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں بڑی تنظیمیں سال 2023ء سے مرکز کے زیرِ انتظام علاقے (یو ٹی) کے لیے منتخب اسمبلی اور دفعہ 371 کے تحت آئینی تحفظات کے اپنے مطالبات پر نئی دہلی کے ساتھ بات چیت کر رہی ہیں۔ لکروک نے کہا کہ ’’اب ہمیں ان (مرکز) پر اعتماد نہیں رہا۔ وہ کہیں گے کہ ہمیں ایپکس باڈی اور کے ڈی اے کی ضرورت نہیں ہے اور ہم منتخب نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کر سکتے ہیں۔‘‘
پیر کے روز یہ بھوک ہڑتال پانچویں دن میں داخل ہو گئی، حالانکہ لداخ کے انتخابی ادارے نے کرگل اور لیہہ میں انتخابی ضابطۂ اخلاق کے نفاذ کے دوران احتجاج، مظاہروں اور بھوک ہڑتال پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ 12 نومبر سے جاری اس احتجاج میں مرد اور خواتین دونوں شریک ہیں۔
انتخابات ملتوی کرنے اور گزشتہ ستمبر میں لیہہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی عدالتی رپورٹ جاری کرنے پر زور دیتے ہوئے لکروک نے کہا کہ ’’آج تقریباً 200 افراد بھوک ہڑتال پر ہیں۔ شدید سردی کے موسم میں ہم پر انتخابات مسلط کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس وقت 25 فیصد سے زائد آبادی خطے سے باہر نقل مکانی کر چکی ہے۔‘‘
لکروک نے مزید کہا کہ ’’ہم نے احتجاج اور بھوک ہڑتال کو تیز کر دیا ہے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں گزشتہ سال سونم وانگچک نے بھوک ہڑتال کی تھی۔ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کر لیے جاتے، ہم اسے جاری رکھیں گے۔‘‘
ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک، جو لیہہ ایپکس باڈی کا حصہ ہیں، کو 11 نومبر کو احتجاجی مقام سے ہٹائے جانے کے بعد لیہہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا تھا۔ حکام نے اس کارروائی کے لیے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے پیشِ نظر نافذ امتناعی احکامات کا حوالہ دیا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments