کہیں چین روس آگے نہ نکل جائیں، امریکا نے اے آئی چِپس کی برآمدات پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

واشنگٹن: امریکا نے اے آئی چِپس کی برآمدات پر نئی پابندیاں عائد کر دیں، چین، روس اور دیگر ممالک ان نئی امریکی پابندیوں کی زد میں آئیں گے۔

امریکا نے چین اور دیگر ممالک کے لیے اے آئی چپس کی برآمد پر پابندیاں مزید سخت کر دیں، بیرونِ ملک ڈیٹا سینٹرز کے ذریعے رسائی کی گنجائش بھی ختم کرنے کا اقدام کیا گیا ہے، نئے ضوابط کے تحت چینی کمپنیوں کی بیرونِ ملک قائم ڈیٹا سینٹرز میں نصب جدید امریکی چپس تک ریموٹ رسائی محدود کر دی جائے گی، جن میں جنوب مشرقی ایشیا کے ڈیٹا سینٹرز بھی شامل ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق امریکی اقدام کا مقصد ایک ایسی بڑی قانونی و انتظامی خامی (لوپ ہول) کو بند کرنا ہے جس کے باعث چینی ڈیولپرز طویل عرصے سے ایسی کمپیوٹنگ طاقت تک رسائی حاصل کر رہے تھے جس پر امریکی برآمدی پابندیوں کے تحت قدغن عائد ہے۔

اس اقدام کا مقصد چین اور دیگر ممالک کی کمپنیوں کو اے آئی سہولتوں کی فراہمی محدود کیا جانا ہے، اور اب اے آئی چپس اور سرورز کی منتقلی کے لیے امریکی لائسنس لازمی ہوگا۔

امریکی محکمہ تجارت کے عبوری حتمی ضابطے کے تحت سنگاپور، ملائیشیا، تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور برازیل بھیجی جانے والی مخصوص جدید چپس کی برآمد کے لیے لائسنس لینا ہوگا۔ واشنگٹن ان ممالک کو ایسی ممکنہ راہداریوں کے طور پر دیکھتا ہے جہاں سے امریکی ٹیکنالوجی چین منتقل ہو سکتی ہے۔

نئے ضابطے کے تحت بیرونِ ملک قائم ایسے ڈیٹا سینٹرز کو بھی لائسنس حاصل کرنا ہوگا جو چین اور دیگر پابندیوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں ہیڈکوارٹر رکھنے والی کمپنیوں کو بڑی مقدار میں کمپیوٹنگ صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔ پہلے سے کام کرنے والے ڈیٹا سینٹرز کو ضابطے کے نافذ ہونے کے بعد 90 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی خدمات جاری رکھنے کے لیے ضروری اجازت نامہ حاصل کر سکیں۔

ان اقدامات سے امریکی پابندیوں کا دائرہ چپس کی جسمانی ترسیل سے آگے بڑھ کر کلاؤڈ انفرااسٹرکچر کے ذریعے ریموٹ رسائی تک بھی وسیع ہو جائے گا۔

چینی اے آئی ڈیولپرز کے لیے ان تبدیلیوں کے نتیجے میں بیرونِ ملک اینویڈیا کی چپس سے لیس کمپیوٹنگ وسائل کرائے پر حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اس میں جنوب مشرقی ایشیا کے ڈیٹا سینٹرز بھی شامل ہیں۔ اس صورتِ حال سے جدید اے آئی ماڈلز کی تربیت کے اخراجات بڑھنے اور ان کی تیاری کا عمل سست پڑنے کا خدشہ ہے۔

ان پابندیوں کے خدشات کے باعث چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص دباؤ کا شکار رہے۔ بیدو کے حصص میں 6.8 فی صد، علی بابا میں 4.9 فی صد، ٹینسنٹ میں 3 فی صد اور کوائیشو میں 3.2 فی صد کمی ہوئی۔ اے آئی کمپنیوں منی میکس اور زیڈ اے آئی کے حصص بھی بالترتیب 2.7 اور 1.9 فی صد گر گئے۔

اس کے برعکس چین کی بعض مقامی سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کے حصص میں تیزی دیکھی گئی۔ سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ امریکی ٹیکنالوجی تک رسائی محدود ہونے سے چین میں مقامی چپ سازی کے نظام کو فروغ دینے کی کوششیں تیز ہو سکتی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں