ایچ ایس بی سی، زوم، بی بی سی، فاکس نیوز، سیلز فورس، آئی کییا اور ایئر فرانس شامل
ایک بڑے سائبر حملے نے دنیا بھر کے 178 اہم اور بڑے اداروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ متاثر ہونے والی نمایاں تنظیموں اور کمپنیوں میں ایچ ایس بی سی، زوم، بی بی سی، فاکس نیوز، سیلز فورس، آئی کییا اور ایئر فرانس کے ایل ایم جیسے نامور ادارے شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس سائبر حملے کے نتیجے میں شدید سکیورٹی خطرات پیدا ہو گئے ہیں اور متعلقہ اداروں کی طرف سے فوری طور پر حفاظتی اقدامات اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
سائبر سکیورٹی فرم رپورٹ یو آر آئی کے مطابق، ہیکرز کی جانب سےآپٹیمائزلی ویب پلیٹ فارم کے ذریعے مبینہ طور پر نقصان دہ کوڈ داخل کیے جانے کے بعد ایک بڑے سائبر حملے نے دنیا بھر کی 178 تنظیموں سے منسلک ویب سائٹس کو متاثر کیا ہے، جن میں ایچ ایس بی سی ، زوم، بی بی سی، فاکس نیوز، سیلز فورس ،آئیکیا اور ایئر فرانس کے ایل ایم شامل ہیں۔
اس حملے نے ویب سائٹ دیکھنے والوں کو ایسے نقصان دہ اسکرپٹس کے خطرے سے دوچار کر دیا جو حساس مالیاتی معلومات بشمول ادائیگی کارڈ کی تفصیلات اور کرپٹو کرنسی چرانے کے لیے تیار کیے گئے تھے، اس میں ایپل آئی او ایس (iOS) ڈیوائسز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق، اس واقعے میں آپٹیمائزلی کے ذریعے فراہم کی جانے والی متاثرہ جاوا اسکرپٹ شامل تھی، جو کہ کاروباری اداروں کی جانب سے ویب سائٹ کی کارکردگی اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے استعمال ہونے والا ایک پلیٹ فارم ہے۔
رپورٹ یو آر آئی کی تحقیقات کے مطابق، حملہ آوروں نے آپٹیمائزلی کے ذریعے تقسیم کی جانے والی جاوا اسکرپٹ میں ردوبدل کیا، جس سے متاثرہ ویب سائٹس براؤز کرنے والے صارفین تک نقصان دہ کوڈ پہنچنے کا راستہ ہموار ہوا۔
سائبر سکیورٹی فرم نے1 ہزار 611آپٹیمائزلی اسکرپٹس کا جائزہ لینے کے بعد 178 تنظیموں سے منسلک 188 متاثرہ اسکرپٹس کی نشاندہی کی۔یہ نقصان دہ کوڈ حساس معلومات چرانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، جن میں ادائیگی کی تفصیلات، کرپٹو کرنسی سے متعلق ڈیٹا، کوکیز اور اسکرین شاٹس شامل ہیں۔
محققین نے ایسے اسکرپٹس کی بھی نشاندہی کی جن کا مقصد آئی او ایس ڈیوائسز میں موجود کمزوریوں کا فائدہ اٹھانا تھا۔ متاثرہ تنظیموں کی فہرست میں ٹیکنالوجی، میڈیا، بینکنگ، ریٹیل اور ہوا بازی کے شعبوں کے بڑے نام شامل تھے، جیسے زوم، بی بی سی، فاکس نیوز، ایچ ایس بی سی، لیجر، ایکوی فیکس (Equifax)، سیلز فورس، آئیکیا اور ایئر فرانس-کے ایل ایم۔
رپورٹ یو آر آئی کے مطابق، بینکنگ اور فنانس سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شعبہ تھا، جس میں 32 اداروںکی نشاندہی کی گئی۔ متاثر ہونے والے نمایاں مالیاتی اداروں میں ایچ ایس بی سی بھی شامل تھا، جس کی امریکہ، ہانگ کانگ، میکسیکو، سنگاپور، آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد منڈیوں کی ویب سائٹس تحقیقات میں سامنے آئیں۔
روئٹرز کے مطابق، سیلز فورس نے کہا کہ وہ آپٹیمائزلی اسکرپٹس میں غیر مجاز تبدیلیوں کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں غیر فعال کر دیا ہے۔
ایکوی فیکس نے کہا کہ اسے اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ اس کے اپنے سسٹمز متاثر ہوئے ہیں۔
بلیپنگ کمپیوٹر نے رپورٹ کیا کہ آپٹیمائزلی نے کچھ صارفین کے پروجیکٹس تک غیر مجاز رسائی کا اعتراف کیا ہے، رسائی کے اس غیر محفوظ راستے کو بند کر دیا ہے، ایک حل نافذ کر دیا ہے اور داخل کیے گئے نقصان دہ کوڈ کو ہٹا دیا ہے۔
رپورٹ یو آر آئی نے بتایا کہ 16 نومبر تک حملہ آوروں کے زیرِ کنٹرول کرپٹو کرنسی والٹس میں تقریباً7ہزار40ڈالر موصول ہو چکے تھے۔فرم نے یہ بھی بتایا کہ پیر کی رات گئے تک زیادہ تر متاثرہ اسکرپٹس کو صاف کر دیا گیا تھا۔تاہم، روئٹرز کے مطابق، ان کامیاب حملوں کی مکمل وسعت اور متاثر ہونے والے صارفین کی اصل تعداد ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ۔