اگر آپ پریمیم ٹرین ’وندے بھارت‘ میں اپنے رشتہ داروں کو چھوڑنے جا رہے ہیں تو انہیں اندر جا کر سیٹ پر بٹھانے سے قبل ضرور سوچ لیں۔ کیونکہ رشتہ داروں کو ٹرین میں بٹھانے گئے 12 افراد کو ایسا کرنا مہنگا پڑ گیا۔ انہوں نے اپنے رشتہ داروں کو ان کی سیٹ تک تو پہنچا دیا، لیکن ٹرین روانہ ہونے سے قبل کوچ سے باہر نہیں نکل سکے۔ سگنل ملتے ہی ٹرین کے آٹومیٹک دروازے بند ہوگئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ٹرین کانپور سے 139 کلومیٹر دور پہنچ گئی۔ اس دوران ٹرین میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے۔ ٹرین میں پھنسے افراد گھبرا گئے۔ کچھ ناراض مسافروں نے احتجاج کیا اور ہنگامہ بھی کیا، لیکن ٹرین کو راستے میں روک کر انہیں اتارنا ممکن نہیں تھا۔ آخرکار ان افراد کو 139 کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑا۔ ان لوگوں نے غلطی کی تھی، اس لیے ریلوے کی ٹیم نے بھی کارروائی کرتے ہوئے ضابطوں کی خلاف ورزی کے الزام میں بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔
مذکورہ معاملہ کانپور سنٹرل ریلوے اسٹیشن کا ہے، جہاں الگ الگ جگہوں سے آئے 12 افراد اپنے رشتہ داروں کو بنارس سے نئی دہلی جانے والی وندے بھارت ایکسپریس (ٹرین نمبر 22415) میں بٹھانے پہنچے تھے۔ تمام افراد اپنے رشتہ داروں کو ان کی سیٹ تک پہنچانے کے لیے کوچ کے اندر چلے گئے۔ اسی دوران ٹرین کے آٹومیٹک دروازے بند ہوگئے اور یہ 12 افراد ٹرین کے اندر ہی پھنس گئے۔ اضافی حفاظتی معیارات کے ساتھ چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس کے دروازے آٹومیٹک سسٹم سے کھلتے اور بند ہوتے ہیں۔ ٹرین کے مقررہ اسٹیشن پر پہنچنے کے بعد ہی دروازے کھلتے ہیں اور طے شدہ وقت کے بعد خود بخود بند ہوجاتے ہیں۔ کانپور سے ٹرین کے روانہ ہوتے ہی اندر پھنسے افراد کو اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ انہوں نے ٹرین کے عملے سے دروازے کھولنے کی درخواست کی، لیکن ٹرین چلنے کے بعد دروازے نہیں کھل سکے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرین میں بغیر جائز ٹکٹ کے سفر کرنے والے ان 12 افراد پر مجموعی طور پر 36 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس طرح اپنے رشتہ داروں کو ٹرین میں بٹھانے گئے ان افراد کو نہ صرف غیر ارادی طور پر سفر کرنا پڑا بلکہ ہزاروں روپے کا مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ شمال وسطی ریلوے کے چیف پی آر او شیوم شرما نے بتایا کہ وندے بھارت ٹرینوں میں آٹومیٹک دروازے ہوتے ہیں اور بغیر اجازت کوچوں میں داخل ہونا منع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 12 افراد بغیر پلیٹ فارم ٹکٹ کے اپنے رشتہ داروں کو رخصت کرنے کے لیے ٹرین میں سوار ہوگئے تھے۔ انہیں اٹاوہ میں ٹرین سے اتار دیا گیا، جہاں ریلوے افسران نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان پر جرمانہ عائد کیا۔