ریاض کے فنانشل ٹاور پر حوثی حملے کی تصدیق، پاکستان اور خلیجی ممالک کی شدید مذمت

سعودی سول ڈیفنس کی تصدیق، عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ، خودمختاری کی خلاف ورزی قرار۔

November 20, 2026 · اہم خبریں

ریاض کے فنانشل ٹاور پر حوثی حملے کی تصدیق، پاکستان اور خلیجی ممالک کی شدید مذمت

ریاض کے فنانشل ٹاور پر حوثی حملے کی تصدیق، پاکستان اور خلیجی ممالک کی شدید مذمت

سعودی سول ڈیفنس نے تصدیق کی ہے کہ حوثی ملیشیا کے حملے کے نتیجے میں ریاض کے بلند ترین ٹاور کی متعدد منزلوں کو نقصان پہنچا ہے، جہاں سعودی نیشنل کیپیٹل فنڈ بھی قائم ہے۔ اس حملے سے چند گھنٹے قبل سعودی اتحاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نقصان ایک میزائل کے ملبے کے گرنے سے ہوا، جبکہ عینی شاہدین نے بھی ٹاور کو پہنچنے والے نقصانات کی اطلاعات دی تھیں۔

دوسری جانب پاکستان نے ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ جارحانہ اقدام مملکت سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے اور پاکستان سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانے سے بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑتی ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں، اس لیے ایسے قابل مذمت حملوں کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنی خودمختاری و سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ کے جائز حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ادھر قطر کی وزارتِ خارجہ نے ریاض کے شاہ عبداللہ کمرشل زون کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے، جبکہ کویت نے بھی اس حملے کو سعودی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البداوی نے بھی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی اور بین الاقوامی برادری کو حوثیوں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں