اہم دورہ، پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، ثقافتی ورثہ اجاگر کیا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک ایس سی او کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کیلئے نئی دہلی پہنچ گئے
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئے ہیں۔ وہ اس دورے کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک اس فورم میں تہذیبوں کے مابین مکالمے کی اہمیت اور سفارت کاری میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار پر ملکی موقف کھل کر پیش کریں گے۔ اس بین الاقوامی فورم میں پاکستان کے تعمیری کردار کے ساتھ ساتھ اس کے متنوع تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس اہم فورم میں پاکستان کی شرکت “شنگھائی سپرٹ” کے عین مطابق اس کی مسلسل کاوشوں کی عکاس ہے۔ پاکستانی وفد اپنے اس دورے کے دوران فورم کے مختلف موضوعاتی اجلاسوں میں بھی بھرپور شرکت کرے گا، جبکہ اس موقع پر ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کے وفود کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی طے کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان 2026-27 کی مدت کے لیے ایس سی او سربراہان مملکت کونسل کا موجودہ چیئرمین ہے اور پاکستان کی یہ کوشش ہے کہ وہ آئندہ سال ہونے والے سربراہی اجلاس سے قبل مختلف نوعیت کی متعدد سرگرمیوں اور تقریبات کی میزبانی کے فرائض سر انجام دے۔