بنگلورو کے موجد کو ‘بوم ٹیوب’ ری ایکٹر کا پیٹنٹ مل گیا، لیبارٹری میں ہیرے تیار ہوچکے، سونا ممکن نہیں
بھارتی شہری نے لیبارٹری میں سونا بنانے کا دعویٰ کردیا،حقیقت کیا ہے؟
بھارت کے شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک موجد راجہ وجے کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسے منفرد طریقہ کار کا پیٹنٹ حاصل کر لیا ہے جس کے ذریعے سستی دھاتوں کو قیمتی دھاتوں، بالخصوص سونے اور چاندی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، عالمی سائنسی برادری اور نیوکلیئر فزکس کے مسلمہ اصول اس دعوے کی نفی کرتے ہیں۔
اسکالین انرجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ راجہ وجے کمار کو “گریویٹوریڈیو فزیکل نیوکلیئر ٹرانسمیوٹیشن” (GNT) نامی عمل پر بھارتی پیٹنٹ نمبر 5683222 جاری کیا گیا ہے، جس کی درخواست نومبر 2017 میں دائر کی گئی تھی۔ موجد کا مؤقف ہے کہ اس عمل میں روایتی نیوکلیئر فیشن یا فیوژن کے بجائے مخصوص فریکوئنسی، درجہ حرارت اور ویکیوم کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے “بوم ٹیوب” (Boom Tube) نامی ایک خاص نلکی نما ری ایکٹر تیار کیا گیا ہے جس میں المونیم الائے اینٹینا نصب ہیں۔ دعوے کے مطابق جب پارے (Mercury) اور کشید شدہ پانی کے محلول پر اس مشین کے ذریعے تجربات کیے گئے تو لیبارٹری ٹیسٹ میں سونے، چاندی اور دیگر عناصر کے معمولی ذرات کی موجودگی ریکارڈ کی گئی۔
سائنسی حقیقت کیا ہے؟
سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ادارے یا فرد کو پیٹنٹ ملنے کا مطلب محض اس کے ڈیزائن یا طریقہ کار کا قانونی تحفظ ہوتا ہے، اور یہ اس بات کی سائنسی ضمانت نہیں دیتا کہ وہ ایجاد عملی طور پر کام کرتی ہے۔ جوہری طبیعیات کے مطابق سونے کا ایٹمی نمبر 79 جبکہ پارے کا 80 ہے۔ پارے کو سونے میں تبدیل کرنے کے لیے اس کے ایٹمی مرکزے (Nucleus) سے ایک پروٹون نکالنا ضروری ہوتا ہے۔ ایٹم کے مرکزے کو توڑنے یا اس کی ساخت بدلنے کے لیے بے پناہ توانائی درکار ہوتی ہے جو صرف دیو ہیکل پارٹیکل ایکسلریٹر یا نیوکلیئر ری ایکٹر میں ہی پیدا کی جا سکتی ہے، نہ کہ محض صوتی یا برقی مقناطیسی لہروں سے۔ مستند سائنسی جرائد میں شائع شدہ آزاد تحقیق کی عدم موجودگی میں ماہرین کا ماننا ہے کہ نمونوں میں پائے جانے والے سونے کے ذرات پہلے سے موجود ملاوٹ یا لیبارٹری آلات کی آلودگی کا نتیجہ ہو سکتے ہیں۔
لیبارٹری میں ہیرے بنانا ممکن ہے، لیکن سونا کیوں نہیں؟
اکثر یہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ جب سائنس دان لیبارٹری میں مصنوعی ہیرے (Lab-grown diamonds) کامیابی سے تیار کر رہے ہیں تو پھر سونا کیوں نہیں بنایا جا سکتا۔ اس کی بنیادی وجہ دونوں اشیاء کی کیمیائی اور جوہری ساخت کا فرق ہے۔ ہیرا اور کوئلہ دراصل ایک ہی بنیادی عنصر یعنی کاربن کی مختلف شکلیں ہیں۔ لیبارٹری میں ہیرا بنانے کے لیے کسی نئے عنصر کو تخلیق نہیں کیا جاتا، بلکہ کاربن کے ایٹموں پر انتہائی زیادہ دباؤ اور حرارت ڈال کر صرف ان کی اندرونی ترتیب بدلی جاتی ہے۔ یہ ایک کیمیائی اور طبعی عمل ہے جو نسبتاً کم توانائی سے ممکن ہے۔
اس کے برعکس سونا کسی دوسرے عنصر کی بدلی ہوئی شکل نہیں بلکہ خود ایک الگ بنیادی عنصر (Element) ہے۔ کسی دوسری دھات سے سونا بنانے کے لیے ایٹم کے اندرونی مرکزے کو تبدیل کرنا پڑتا ہے، جو ایک خالصتاً نیوکلیئر عمل ہے۔ اگرچہ جدید سائنس میں پارٹیکل ایکسلریٹر کے ذریعے ایٹمی سطح پر سونے کے چند ایٹم بنائے جا چکے ہیں، لیکن اس عمل پر صرف ہونے والی توانائی کی لاگت تیار ہونے والے سونے کی اصل قیمت سے لاکھوں گنا زیادہ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے تجارتی یا عملی بنیادوں پر سونا بنانا ناممکن ہے۔