سری نگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی لیڈر التجا مفتی نے جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمین کی مبینہ ملی بھگت سے بھرتیوں کے ایک منظم مافیا کے سرگرم ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ (FAA) امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سری نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے التجا مفتی نے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (JKSSB) کی جانب سے ایف اے اے امتحان میں مبینہ نقل کے معاملے کو ایک الگ واقعہ قرار دینے پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 سے اب تک بھرتیوں اور امتحانات میں بے ضابطگیوں کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس سب انسپکٹرز، جل شکتی، فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے امتحانات بھی مبینہ بے ضابطگیوں اور منسوخیوں کی زد میں آ چکے ہیں، جس سے بھرتی کے پورے نظام کی شفافیت اور ساکھ پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔التجا مفتی نے کہا کہ JKSSB اتنی جلدی خود کو کلین چٹ کیسے دے سکتا ہے؟ یہ کوئی ایک الگ واقعہ نہیں ہے بلکہ بھرتی کے نظام میں ایک باقاعدہ مافیا سرگرم ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ سرکاری ملازمین اور بھرتی کے عمل سے وابستہ بعض افراد پر مشتمل ایک نیٹ ورک سرکاری ملازمتوں کے خواہشمند نوجوانوں کا استحصال کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تازہ تنازعے میں JKSSB اور متعلقہ محکموں کے ملازمین کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد غیر جانبدارانہ تحقیقات ناگزیر ہو گئی ہیں۔
امیدواروں پر پڑنے والے مالی بوجھ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ JKSSB ہر سال امتحانی درخواستوں کے ذریعے کروڑوں روپے جمع کرتا ہے، جبکہ 2023 سے 2026 کے درمیان تقریباً 113 کروڑ روپے وصول کیے گئے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہزاروں امیدواروں سے بار بار امتحانی فیس وصول کرنے، انہیں مسابقتی امتحانات کی تیاری پر مجبور کرنے اور بعد میں امتحانات کی منسوخی یا تنازعات کا سامنا کرنے کی نوبت کیوں آتی ہے؟
التجا مفتی نے 2022 میں امتحانات منعقد کرنے کے لیے ایپ ٹیک (Aptech) نامی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے پر بھی سوال اٹھائے، جسے انہوں نے بلیک لسٹڈ کمپنی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی اہم ذمہ داری سونپنے سے پہلے متعلقہ حکام کو کمپنی کے پس منظر کی مکمل جانچ کرنی چاہیے تھی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے اس بیان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہ JKSSB ان کے کنٹرول میں نہیں ہے، التجا مفتی نے مئی میں سوشل میڈیا پر ان کی ایک پوسٹ کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ لینے، رکاوٹیں دور کرنے اور بھرتیوں کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایات دینے کا ذکر کیا تھا۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر JKSSB آپ کے اختیار میں نہیں ہے تو مئی میں آپ نے اس کا جائزہ اجلاس کیسے منعقد کیا تھا؟ جب کریڈٹ لینے کی بات آتی ہے تو آپ کہتے ہیں کہ JKSSB کا جائزہ لیا، لیکن جب بے ضابطگیوں پر سوالات اٹھتے ہیں تو کہتے ہیں کہ یہ آپ کے کنٹرول میں نہیں ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (JKPSC) کے چیئرمین ارون کمار چودھری کے اگست میں استعفیٰ دینے کے بعد سے عہدہ خالی رہنے پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ابھی تک نئے چیئرمین کی تقرری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
حالیہ امتحان میں مبینہ طور پر جدید مائیکرو چِپ آلات کے استعمال سے متعلق الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے التجا مفتی نے سوال اٹھایا کہ بورڈ کی جانب سے سخت تلاشی اور جانچ کے انتظامات کے دعوؤں کے باوجود ایسے آلات امتحانی مراکز میں کیسے داخل ہو گئے؟
انہوں نے اس الزام کا بھی ذکر کیا کہ امتحان سے متعلق معلومات اندرونی ذرائع، بشمول انویجی لیٹرز، کے ذریعے باہر پہنچائی جا رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مبینہ نقل کے نیٹ ورک میں سرکاری اہلکاروں کے ممکنہ کردار کی بھی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔
حکومت کے شفاف بھرتیوں کے دعوؤں پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بار بار ریاستی درجے کی عدم موجودگی کے باوجود بہتر طرز حکمرانی فراہم کرنے کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے میں آخر رکاوٹ کیا ہے؟ جموں و کشمیر میں ہونے والے ہر امتحان میں شفافیت یقینی بنانے سے حکومت کو کون روک رہا ہے؟
التجا مفتی نے کہا کہ سرکاری بھرتیوں کے حوالے سے مسلسل غیر یقینی صورتحال تعلیم یافتہ نوجوانوں کی امیدوں اور مستقبل کو شدید متاثر کر رہی ہے، خاص طور پر ایسے خطے میں جہاں سرکاری ملازمتیں معاشی تحفظ کا ایک بڑا ذریعہ سمجھی جاتی ہیں۔
انہوں نے ریزرویشن کی معقولیت (Rationalisation) کا معاملہ بھی اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں قائم ذیلی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے تاکہ امیدواروں کو اس معاملے پر واضح صورتحال معلوم ہو سکے۔انہوں نے حکومت سے تازہ بھرتی تنازعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کا مستقبل انتظامی نااہلی، بدعنوانی اور جوابدہی کے فقدان کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا۔
اس موقع پر انہوں نے جی ایم سی اننت ناگ کے احتجاجی ڈاکٹروں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ نوجوان پیشہ ور افراد کو اعزازیہ اور مستقل ملازمت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے خوابوں اور مستقبل کو انتظامی نااہلی، بدعنوانی اور دیانت داری کے فقدان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments