سری نگر/جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جمعہ کے روز کہا کہ حکومت تمام محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کے اپنے وعدے پر قائم ہے، تاہم مالی مشکلات اس وعدے کو پورا کرنے میں ایک بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈیلی ویجروں کی مستقلی نیشنل کانفرنس کے انتخابی منشور میں شامل ایک وعدہ ہے اور حکومت اسے پورا کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صرف جل شکتی محکمہ ہی نہیں بلکہ تمام سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور وہ انتخابی منشور میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کریں گے۔
تاہم، سریندر چودھری نے اعتراف کیا کہ حکومت شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے اور مستقل ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہم بار بار بتا رہے ہیں کہ فنڈز کی کمی کا مسئلہ ہے۔ مستقل ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے، آپ کو بھی اس صورتحال کو سمجھنا چاہیے۔‘‘
نائب وزیر اعلیٰ نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کی مالی صورتحال کا بھی جائزہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افرادی قوت میں اضافہ کرنے یا تنخواہوں سے متعلق مزید ذمہ داریاں لینے سے قبل دستیاب مالی وسائل کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم اسے مالی وسائل کی حدود میں رہتے ہوئے ہی اقدامات کرنے ہوں گے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments