نریندر مودی نے جس طرح سرمایہ کاروں پر حملہ کیا، وہ ان کی گھبراہٹ ظاہر کر رہا: کانگریس

وزیر اعظم نریندر مودی نے 19 نومبر کو فکی (ایف آئی سی سی آئی) سے خطاب کرتے ہوئے شکایتی انداز میں کچھ باتیں کہی تھیں، جس پر کانگریس نے اپنا سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ وزیر اعظم کے خطاب کو کانگریس نے سرمایہ کاروں پر حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ خراب حالات کے لیے حکومت کی پالیسیاں ذمہ دار ہیں، نہ کہ سرمایہ کاری پیدا کرنے والے لوگ۔

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے آج اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ ’’نریندر مودی نے کل فکی کو خطاب کیا۔ یہ ہمارے ملک کا سب سے پرانا ادارہ ہے، جو صنعت اور کاروبار سے منسلک ہے۔ نہرو جی نے وزیر اعظم رہتے ہوئے تقریباً 17 بار، اندرا گاندھی جی نے تقریباً 12 بار فکی کو خطاب کیا۔ لیکن جس طرح سے کل نریندر مودی نے فکی کو خطاب کرتے ہوئے ملک کے سرمایہ کاروں پر حملہ بولا، وہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ گھبرائے ہوئے ہیں اور پوری طرح سے بوکھلا گئے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’نریندر مودی نے وہی باتیں دہرائیں، جو کانگریس پارٹی سالوں سے کہہ رہی ہے اور 2024 کے ’نیائے پتر‘ (انتخابی منشور) میں کہی تھیں۔ اس وقت ہمیں ’اربن نکسل‘ کی سوچ والا بتایا گیا تھا، لیکن کل اسی سوچ کے ساتھ نریندر مودی نے سرمایہ کاری پیدا کرنے والوں پر حملہ کیا ہے۔‘‘

جئے رام رمیش نے پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں و نامہ نگاروں کو کانگریس کے ’نیائے پتر‘ کی کاپی بھی دکھائی اور کہا کہ ’’2024 میں لوک سبھا انتخاب کے وقت کانگریس نے عوام کے سامنے ’نیائے پتر‘ پیش کیا تھا، جس میں ہم نے معیشت سے متعلق طویل بحث کی تھی۔ ہمارا کہنا تھا کہ 2014 کے بعد تنخواہ نہیں بڑھی، روزگار نہیں بڑھے، پرائیویٹ سرمایہ کاری نہیں بڑھی۔ 2014 کے بعد عدم مساوات میں اضافہ کی بھی بات ہم نے کی تھی۔ اس وقت نریندر مودی نے اس ’نیائے پتر‘ کو ’اربن نکسل‘ سوچ سے بھرا بتایا تھا۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ اب وزیر اعظم مودی خود فکی سے خطاب کرتے ہوئے سوال پوچھ رہے ہیں کہ تنخواہ کیوں نہیں بڑھ رہی، روزگار کیوں پیدا نہیں ہو رہے اور سرمایہ کاری کیوں نہیں ہو رہی۔ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ وزیر اعظم کو خود غور کرنا چاہیے، کیونکہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے ہی ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں۔ اس کے لیے پی ایم مودی دوسروں کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے اس بارے میں اپنا ایک بیان بھی جاری کیا ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’12 سال میں پہلی بار ایک گھبرائے اور بے چین وزیر اعظم نے صنعتی شعبہ کے بڑے کاروباریوں کو ’نصیحت‘ دی۔ کل فکی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے وہی باتیں دہرائیں، جو کانگریس طویل عرصہ سے کہتی آ رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’صنعتی شعبہ کے بڑے کاروباریوں کے لیے وزیر اعظم کی یہ باتیں حیرت انگیز رہی ہوں گی۔ انہیں امید نہیں رہی ہوگی کہ وزیر اعظم خود ان مسائل کو تسلیم کریں گے اور کانگریس کی کہی ہوئی باتوں کو دہرائیں گے۔‘‘

جاری کردہ بیان میں جئے رام رمیش لکھتے ہیں کہ ’’وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں پوری سچائی نہیں بتائی۔ آج ملک کی معیشت جس بدحالی سے گزر رہی ہے، اس کے لیے ان کی حکومت کی پالیسیاں ہی ذمہ دار ہیں۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ حکومت ایک ایسی معاشی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، جو مسلسل ناکام ہو رہی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’گزشتہ 12 سالوں میں انہوں نے ہر شعبہ میں معاشی طاقت کو چند منتخب کاروباریوں کے ہاتھوں میں سمیٹ دیا ہے۔ کچھ چنندہ کاروباریوں کا دبدبہ مسلسل بڑھ رہا ہے اور بازار میں مسابقت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ اس کا نقصان چھوٹے کاروباریوں، صنعت کاروں اور عام لوگوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر نے وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’انہوں نے ملک میں ایسا خوف اور دباؤ کا ماحول بنا دیا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد کمزور ہوا ہے۔ جب کاروباریوں کو پالیسیوں اور سرکاری کارروائیوں کے حوالے سے بھروسہ ہی نہیں ہوگا تو وہ نیا سرمایہ کیسے لگائیں گے؟‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’وزیر اعظم نے سرکاری ریگولیٹری اداروں پر کچھ چنندہ لوگوں کا دبدبہ بننے دیا۔ جانچ ایجنسیوں کا استعمال بھی کچھ اس طرح کیا گیا ہے کہ فائدہ صرف ایک کاروباری گروپ کو ملتا دکھائی دیتا ہے۔‘‘

اپنے بیان میں جئے رام رمیش نے چند کے ساتھ ہندوستان کے تجارتی خسارہ کا بھی ذکر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔ اس کا سیدھا نقصان ملک کے لاکھوں چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروباروں کو ہوا ہے۔ کئی چھوٹی صنعتیں بند ہونے کی دہانے پر پہنچ گئی ہیں اور لاکھوں لوگوں کو اس کا براہ راست اثر جھیلنا پڑا ہے۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ نوٹ بندی جیسے آمرانہ فیصلہ سے معیشت کو پہلے ہی بڑا جھٹکا لگا تھا۔ اس کے بعد مودی حکومت نے پیچیدہ اور الجھے ہوئے جی ایس ٹی کو بھی ملک کی معیشت پر تھوپ دیا۔ چھوٹے کاروباریوں کو آج تک اس کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسی ناکامیوں کی فہرست بہت طویل ہے۔

جئے رام رمیش نے بیان کے آخر میں حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم کو اب شکایتیں کرنا بند کر دینی چاہئیں۔ دوسروں پر سوال اٹھانے کی جگہ انہیں اپنی حکومت کے کام کاج اور اپنی پالیسیوں کی ناکامی کو تسلیم کرنا چاہیے۔ انہیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ان کی حکومت کے 12 سالہ دور اقتدار میں مہنگائی بے قابو ہے، روزگار کے مناسب مواقع پیدا نہیں ہو رہے ہیں اور پرائیویٹ سرمایہ کاری کی رفتار بھی سست ہے۔‘‘ انھوں نے یہ پی ایم مودی کو یہ نصیحت بھی دی کہ صرف تقریریں کرنے اور صنعت کاروں کو نصیحت دینے سے معیشت نہیں چلتی۔ اس کے لیے درست پالیسیاں، اعتماد کا ماحول اور جوابدہ حکومت درکار ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ملک کا صنعتی شعبہ اس سے کہیں بہتر رویے اور پالیسیوں کا مستحق ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں