پرانی دشمنی کی بنیاد پر تصادم، کوہستانی اور گیلال آلائی قبائل میں فائرنگ، پولیس نے علاقہ گھیرے میں لے لیا
بٹگرام میں اراضی کے تنازع پر خونریز تصادم، فائرنگ کے تبادلے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی کے علاقے بلیجہ میں اراضی کی ملکیت کے دیرینہ تنازع پر دو حریف گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات ساڑھے 11 بجے پیش آیا، جہاں دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے 7 افراد میں سے 4 کا تعلق تحصیل الائی جبکہ 3 کا تعلق کوہستان سے بتایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان اراضی کی ملکیت کا تنازع کافی عرصے سے چلا آرہا تھا اور اس معاملے پر ماضی میں بھی کشیدگی اور تصادم کے واقعات پیش آچکے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق الائی کے علاقے پزنگ میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تاہم کوہستان کی جانب سے تاحال مقدمہ درج ہونے کی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔ پولیس نے علاقے میں حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔