مصدق ملک بھارت کے دورے پر اہلیہ کو کیوں لے کر گئے؟سوالات اٹھنے لگے

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے اس معاملے پر دفتر خارجہ سے وضاحت طلب کرلی۔

November 21, 2026 · امت خاص

مصدق ملک بھارت کے دورے پر اہلیہ کو کیوں لے کر گئے؟سوالات اٹھنے لگے

مصدق ملک بھارت کے دورے پر اہلیہ کو کیوں لے کر گئے؟سوالات اٹھنے لگے

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے دورۂ بھارت کے دوران ان کی اہلیہ کی موجودگی پر سوالات اٹھنے لگے، پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے اس معاملے پر دفتر خارجہ سے وضاحت طلب کرلی۔

شیریں مزاری نے سوال کیا ہے کہ کیا نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شریک ممالک کے وزرا کی اہلیہ کو بھی باضابطہ دعوت دی گئی تھی؟ انہوں نے دفتر خارجہ سے یہ بھی پوچھا کہ آیا مصدق ملک کی اہلیہ کو سرکاری وفد کے ساتھ بھارت جانے کی اجازت دی گئی تھی یا نہیں۔

شیریں مزاری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات اور حالیہ تنازعات کے تناظر میں سرکاری وفد کے دورے کے طریقۂ کار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی میں بھارتی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت اور بھارتی سیکریٹری ثقافت وویک اگروال سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی روابط اور تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ ثقافتی رابطے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ مصدق ملک تین سال سے زائد عرصے بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وفاقی وزیر ہیں۔ وہ نئی دہلی میں منعقدہ ایس سی او تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں