بھرتی عمل میں بدعنوانی قتل سے بھی زیادہ سنگین جرم ہے: آغا سید روح اللہ

سری نگر/سابق رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی نے ہفتہ کے روز سری نگر کے شیرِ کشمیر پارک میں احتجاج کر رہے طلبہ کے ساتھ شمولیت اختیار کرتے ہوئے بھرتی عمل میں مبینہ بدعنوانی کو ’’قتل سے بھی زیادہ سنگین جرم‘‘ قرار دیا اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مقام پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے روح اللہ نے واضح کیا کہ وہ طلبہ کی قیادت کرنے نہیں بلکہ ان کے ساتھ احتجاج میں شامل ہونے آئے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’طلبہ میرے ساتھ شامل نہیں ہو رہے بلکہ میں طلبہ کے ساتھ شامل ہو رہا ہوں، میں اس احتجاج کی قیادت نہیں کر رہا ہوں۔‘‘
دونوں انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے روح اللہ نے الزام لگایا کہ حکومتیں ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر بے روزگار نوجوانوں کے مستقبل کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا، ’’دونوں انتظامیہ نے ہمیں الجھن میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے ہمارے بچوں کے مستقبل کو فٹ بال بنا دیا ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ فٹ بال کھیل رہے ہیں۔‘‘
بھرتی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کو مستحق امیدواروں کے ساتھ سنگین ناانصافی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر مواقع نہ ملنے سے نوجوانوں کے مستقبل تباہ ہو رہے ہیں اور ان کی برسوں کی محنت ضائع ہو رہی ہے۔
روح اللہ نے کہا، ’’جو لوگ اس کے ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے سر قلم ہونے چاہئیں۔‘‘انہوں نے مزید الزام لگایا کہ گزشتہ پانچ سے آٹھ برسوں کے دوران ایک ایسا نیٹ ورک قائم ہوا ہے جو مخصوص افراد کو فائدہ پہنچانے اور سمجھوتوں کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانے میں مصروف رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ بے ضابطگیاں محض اتفاقی نہیں بلکہ دانستہ طور پر کی گئی ہیں۔
روح اللہ نے حکام پر زور دیا کہ وہ احتجاج کر رہے طلبہ کے ساتھ براہِ راست بات چیت کریں اور ان کے مسائل کا ازالہ کریں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے میڈیا اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ طلبہ کی آواز کو مؤثر انداز میں بلند کریں۔انہوں نے کہا کہ توجہ طلبہ اور ان کے اس مطالبے پر مرکوز رہنی چاہیے کہ بھرتی کا عمل شفاف، منصفانہ اور خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں