امتحانی بے ضابطگیوں پر محبوبہ مفتی کی این سی حکومت پر سخت تنقید، طلبہ کے مستقبل کو خطرہ لاحق قرار دیا

سری نگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلسل سامنے آنے والے تنازعات سے جموں و کشمیر کے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے حکومت کی جانب سے امتحانات کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد کرنے کی صلاحیت پر سوال اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بچوں کو ایسا منصفانہ امتحانی نظام بھی فراہم نہیں کر سکتی جہاں انہیں اپنی محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع ملے تو پھر ان کے لیے کیا کر سکتی ہے؟
محبوبہ مفتی نے کہا کہ طلبہ اپنی پوری زندگی محنت کرتے ہیں اور بھاری فیسیں ادا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں امتحانی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گھوٹالوں پر گھوٹالے ہو رہے ہیں، لیکن حالات میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ گورنر راج کے دوران ہوا، وہی اب نیشنل کانفرنس کی حکومت میں بھی ہو رہا ہے۔
نیٹ تنازعے کا حوالہ دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ دہلی میں عوامی غم و غصے کے بعد ایک وزیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، جبکہ جموں و کشمیر میں اس سنگین معاملے پر بظاہر کوئی خاص توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے اور حکومت کو بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنا چاہیے۔ امتحانات میں جو بھی غلطیاں یا بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، ان کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔
پی ڈی پی صدر نے معاملے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی کارروائی سے قبل امتحانی بے ضابطگیوں کے پیچھے مبینہ سنڈیکیٹ اور مافیا کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جب تک یہ معلوم نہیں ہو جاتا کہ اس بڑے سنڈیکیٹ اور مافیا کے پیچھے کون لوگ ہیں، تب تک کوئی کارروائی نہیں کی جانی چاہیے۔
طلبہ کے احتجاج میں شامل ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس بارے میں دیکھا جائے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں