راجستھان میں ہوئے ضلع پریشد اور پنچایت انتخابات میں کانگریس کی زبردست کامیابی کے تناظر میں راجستھان کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بی جے پی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں بی جے پی کا مکمل صفایا ہو گیا ہے۔ عوام نے دکھا دیا ہے کہ انہوں نے بی جے پی پر بھروسہ کر کے بہت بڑی غلطی کی تھی، لیکن اب وہ اس کا حساب سود سمیت چکا رہے ہیں۔ ڈوٹاسرا نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں اقتدار کا غلط استعمال کیا گیا اور پھر جس طرح وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور بی جے پی نے اپنی جیت کا مصنوعی تاثر پیدا کیا، عوام نے اس کا جواب دے دیا ہے۔
گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بتایا کہ 419 پنچایت کمیٹیوں میں سے اب تک 384 کے نتائج جاری ہو چکے ہیں، جن میں 289 نشستوں پر کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ بی جے پی کو صرف 85 نشستیں ملی ہیں۔ ڈوٹاسرا کے مطابق وزراء کے پورے خاندان کو انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسا اس لیے ہوا، کیونکہ کسان پریشان تھے، طبی نظام کی بدحالی کی وجہ سے ماؤں اور بہنوں کی موت ہو رہی تھی، لیکن یہ حکومت صرف بدعنوانی میں مصروف تھی۔
یہ بھی پڑھیں :
ڈوٹاسرا نے راجستھان کے وزیر اعلی سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پنچایت انتخابات میں جو تاریخی نتائج سامنے آئے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے بی جے پی حکومت کے وزیر اعلیٰ اور پوری کابینہ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ راجستھان پنچایت انتخابات میں بی جے پی کو صرف ریاستی حکومت کے وزراء کے حلقوں میں ہی نقصان نہیں اٹھانا پڑا بلکہ مرکزی وزراء کے مضبوط سیاسی گڑھ میں بھی پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال کے آبائی ضلع بیکانیر میں ضلع پریشد کے 41 وارڈوں میں سے بی جے پی صرف 8 نشستیں جیت سکی۔ مرکزی وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت کے آبائی ضلع جودھ پور میں بھی بی جے پی کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ یہاں ضلع پریشد کی 43 نشستوں میں سے پارٹی کو صرف 8 پر کامیابی ملی۔ مرکزی وزیر جنگلات و ماحولیات بھوپیندر یادو کے آبائی ضلع الور میں ضلع پریشد کے 39 وارڈوں میں سے بی جے پی صرف 4 نشستیں جیت سکی۔