’پل کی تعمیر میں مودی حکومت نے ایک روپیہ بھی نہیں دیا‘، ’نتیش سیتو‘ کے افتتاح سے قبل تیجسوی یادو کا بڑا دعویٰ

وزیر اعظم نریندر مودی کے بہار دورے سے قبل راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد تیجسوی یادو نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کچی درگاہ-بیدوپور 6 لین گنگا پل کے افتتاح پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ جب اس منصوبے میں مرکزی حکومت کا کوئی مالی تعاون نہیں ہے تو وزیر اعظم اس کا افتتاح کرنے کیوں آ رہے ہیں؟ تیجسوی نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آخر ایک ہی پل کا کتنی بار افتتاح کیا جائے گا؟

تیجسوی یادو نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے وزیر اعظم کو بہار آنے سے پہلے خود احتسابی کرنے کا مشورہ دیا۔ طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جس پل کا افتتاح کرنے آ رہے ہیں، اس کی تعمیر میں مرکز کا ایک پیسہ بھی نہیں لگا ہے۔ انہوں نے بہار کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو لے کر بھی وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے اپنے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ کچی درگاہ-بیدوپور پل کی تعمیر بہار حکومت نے اپنے وسائل اور قرض کے ذریعے شروع کرائی تھی۔ انہوں نے بی جے پی رہنماؤں اور مرکزی حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس منصوبے میں مرکز یا وزیر اعظم کا کوئی مالی تعاون ہے تو اس کا ثبوت سامنے رکھا جائے۔ ان کے مطابق 31 جنوری 2016 کو اس وقت کی ’مہاگٹھبندھن حکومت‘ کے دور میں اس پل کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا۔ اس وقت کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو بھی اس پروگرام میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں :

تیجسوی نے دعویٰ کیا کہ پہلے اس پل کا نام سکھوں کے دسویں گرو، گرو گوبند سنگھ کے نام پر رکھنے کی بات ہوئی تھی۔ ایسے میں اب اس کا نام ’نتیش سیتو‘ رکھے جانے پر تیجسوی یادو نے سوال اٹھایا۔ انہوں نے نتیش کمار کے ساتھ بی جے پی کے سیاسی رویے کو لے کر بھی حملہ کیا۔ تیجسوی نے کہا کہ جب نتیش کمار بی جے پی کے ساتھ نہیں تھے تو بی جے پی رہنما ان کے ڈی این اے پر سوال اٹھاتے تھے، لیکن اب ان کے تئیں احترام ظاہر کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ تیجسوی یادو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات سے تقریباً ڈیڑھ سال قبل بھی نتیش کمار اس پل کا افتتاح کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے اشتہار بھی جاری کیا گیا تھا۔ ایسے میں انہوں نے دوبارہ افتتاح کی ضرورت پر سوال اٹھایا۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج ویشالی ضلع میں ’نتیش سیتو‘ کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وہ تقریباً 34470 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں میں سڑک، توانائی، شہری ترقی، آبی وسائل، تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ اس دوران وزیر اعظم ایک عوامی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں