اہم نظام میں تکنیکی خرابی، سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا۔
ڈیلٹا ایئرلائنز کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث اٹلانٹا سمیت مختلف ایئرپورٹس پر پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
امریکا کی معروف ڈیلٹا ایئر لائنز کے اہم کمپیوٹر سسٹم میں اچانک خرابی پیدا ہو گئی، جس کے باعث دنیا کے مصروف ترین ہارٹسفیلڈ جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت امریکا بھر کے کئی اہم ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔
اٹلانٹا میں سینکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، ایک ہی دن میں ڈیلٹا ایئر لائنز کی 1,600 سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، جو روزانہ کی تقریباً 5,000 پروازوں کا 50 سے 58 فی صد بنتی ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق پروازوں کے شیڈول میں ہونے والی تبدیلیوں میں سے تقریباً 70 فی صد کی بنیادی وجہ آٹومیشن سسٹم میں خرابی تھی، باقی تبدیلیاں شمال مشرقی علاقوں کے خراب موسم اور ایئر ٹریفک کنٹرول کی عائد کردہ پابندیوں کے باعث پیش آئیں۔ امریکی وفاقی محکمہ ہوا بازی (ایف اے اے) نے تکنیکی مسئلے کے تناظر میں مختصر وقت کے لیے پروازوں کی روانگی روکنے کا حکم صادر کیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 1 گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی، تاہم بعد میں یہ پابندی ہٹا دی گئی۔
ایئرلائن حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے بعد پروازوں کو محفوظ طریقے سے روانہ کرنے کی غرض سے فوری طور پر متبادل مینول طریقہ کار کا استعمال کیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز نے اتوار کی سہ پہر اپنے خودکار نظام کو مکمل طور پر بحال کر دیا ہے۔ فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق شام 4 بجے تک صرف ہارٹسفیلڈ جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے اور جانے والی 1,100 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ 36 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 13 نومبر کو بھی امریکا میں راؤٹر نظام کی خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی روانگی عارضی طور پر روکنے کا حکم دینا پڑا تھا، جس کے نتیجے میں 18,000 سے زائد پروازیں متاثر ہوئی تھیں اور تقریباً 10 لاکھ مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔