کسٹمزنے 7 سیریز کے ہائیرڈ ماڈلز کو ا لیکٹرک گاڑیوں میں شمار کرلیا۔قیمتیں کم ہونے کا امکان

بندرگاہوں پر کلیئرنس شروع ہو گئی

November 23, 2026 · امت خاص

 

پاکستان کسٹمز نے نسان نوٹ، ٹویوٹا رائز اور پانچ دیگر سیریز ہائبرڈ ماڈلز کو الیکٹرک گاڑیوں میں شمار کر لیا۔ان گاڑیوں کے پہیے صرف الیکٹرک موٹر سے چلتے ہیں۔

اس فیصلے میں نسان نوٹ، ٹویوٹا رائز اور چند دیگر ماڈلز شامل ہیں۔ کسٹمز کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کے پہیے صرف الیکٹرک موٹر سے چلتے ہیں، اس لیے انہیں الیکٹرک گاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔

کسٹمز کی درجہ بندی کمیٹی نے ان گاڑیوں کا تکنیکی ڈیزائن دیکھا۔ کمیٹی کے مطابق ان گاڑیوں کا اندرونی اخترق انجن پہیوں سے مکینیکل طور پر جڑا ہوا نہیں۔ کسی بھی حالت میں یہ انجن پہیوں تک طاقت نہیں بھیج سکتا۔انجن صرف جنریٹر کا کام کرتا ہے۔ پہیے صرف الیکٹرک موٹر چلاتی ہے۔ اسی بنیاد پر کمیٹی نے انہیں اس باب میں رکھا ہے جو صرف الیکٹرک موٹر سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے ہے۔

بندرگاہوں پر ان گاڑیوں کی کلئرنس اب شروع ہو گئی ہے۔ یہ خبر ان درآمد کنندگان کے لیے اہم ہے جن کی گاڑیاں کئی ہفتوں سے رکھی ہوئی تھیں۔، تاہم ، نئی آفیشل قیمتیں ابھی نہیں آئیں۔

یہ فیصلہ 21 نومبر 2026 کو کراچی کے کلیکٹوریٹ آف کسٹمز اپریزمینٹ (ایسٹ) کے خط نمبر C-76/KAPE/DC-PCT/2026 میں آیا ہے۔

بہت سی ہائبرڈ گاڑیوں میں پٹرول انجن پہیوں کو براہ راست بھی چلا سکتا ہے۔ جن گاڑیوں پر یہ فیصلہ ہوا ہے، ان کا ڈیزائن مختلف ہے۔ ان میں پٹرول انجن صرف بجلی بنانے کا کام کرتا ہے، اور گاڑی چلانے کا سارا کام الیکٹرک موٹر کرتی ہے۔اس قسم کی گاڑیوں کو رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑی، یا REEV، بھی کہا جاتا ہے۔ بیٹری کم ہونے پر انجن چل کر بیٹری چارج کرتا ہے، لیکن گاڑی پھر بھی موٹر سے ہی چلتی ہے۔ یہ بات عام ہائبرڈ سے الگ کرتی ہے، جہاں انجن ضرورت پڑنے پر پہیوں کو خود بھی چلا سکتا ہے۔

کسٹم کے مراسلے میں سات ماڈل لائنز کا ذکر ہے۔ نسان کی طرف سے ککس، ایکس ٹریل، نوٹ یا آورا، اور سرینا شامل ہیں۔ ان کے ساتھ ڈائیہاتسو راکی، ٹویوٹا رائز اور سبارو ریکس بھی ہیں۔

فیصلہ ان ورژنز پر لاگو ہوتا ہے جن کے پہیے صرف الیکٹرک موٹر سے چلتے ہیں۔ ہر درآمد شدہ گاڑی کا اصل ڈیزائن کسٹمز دیکھتی ہے۔ اگر کسی ورژن میں انجن پہیوں سے جڑا ہو، تو وہ اس فہرست کے اصول سے باہر ہو سکتا ہے۔

ٹویوٹا رائز اور ڈائیہاتسو راکی ایک جیسے پلیٹ فارم پر بنتی ہیں۔ سبارو ریکس بھی اسی خاندان کی چھوٹی گاڑی ہے۔ نسان نوٹ اور ککس کے بہت سے ورژن e-POWER سسٹم کے ساتھ آتے ہیں، جس میں انجن بجلی بناتا ہے اور موٹر گاڑی چلاتی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں