سرینگر/وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات کے منفی 2.0 ڈگری کے مقابلے میں 1.8 ڈگری کی کمی ہے۔
سرینگر شہر میں بھی درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر کر منفی 0.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ایک روز قبل یہ 0.0 ڈگری تھا۔ اسی طرح قاضی گنڈ میں منفی 1.6 ڈگری، کپواڑہ میں منفی 1.4 ڈگری، گلمرگ میں منفی 2.0 ڈگری اور کوکرناگ میں 1.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
اس سے قبل کی رات قاضی گنڈ میں درجہ حرارت 0.0 ڈگری، کپواڑہ میں منفی 0.8 ڈگری، گلمرگ میں منفی 2.2 ڈگری اور کوکرناگ میں 2.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا۔
ادھر جموں صوبے میں شبانہ درجہ حرارت میں زیادہ تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملی۔ جموں شہر اور کٹرا دونوں مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ روز کے 10.6 ڈگری کے مقابلے میں معمولی کمی ہے۔ تاہم بانہال میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا، جہاں پارہ 1.9 ڈگری سے بڑھ کر 9.1 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔درجہ حرارت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ جموں خطے میں شبانہ درجہ حرارت نسبتاً مستحکم ہے۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے 30 نومبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments