واٹس ایپ نے گروپس اور کمیونٹیز میں ارکان کی تعداد کی حد بڑھا دی۔
واٹس ایپ نے گروپ چیٹ میں ارکان کی زیادہ سے زیادہ تعداد 1,024 سے بڑھا کر 1,500 کر دی ہے۔
ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق اس تبدیلی کے بعد گروپ ایڈمنز الگ الگ چیٹس بنائے بغیر مزید افراد کو گروپ میں شامل کر سکیں گے۔
ارکان کی تعداد میں اضافے کا اطلاق کمیونٹی گروپ چیٹس پر بھی ہوگا۔ تاہم یہ اپ ڈیٹ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کی جا رہی ہے، جس کے باعث بعض صارفین کو اب بھی گروپ میں زیادہ سے زیادہ 1,024 ارکان شامل کرنے کی سہولت دستیاب ہو سکتی ہے۔
یہ اضافہ واٹس ایپ کی جانب سے گروپ چیٹس کے لیے حال ہی میں متعارف کرائے گئے کئی نئے فیچرز کے بعد سامنے آیا ہے۔ ان میں تمام ارکان کو بہ یک وقت ٹیگ کرنے کے لیے ’@all‘ کا آپشن، پولز کے لیے آخری تاریخ مقرر کرنے کی سہولت اور پہلے سے موجود چیٹ سے نیا گروپ بنانے کا اختیار شامل ہیں۔
واٹس ایپ نے گروپ اسٹیٹس اور پیغامات کو غیر معینہ مدت کے لیے پن کرنے کی سہولت بھی متعارف کرائی ہے۔ اس کے علاوہ ایک نیا فلٹر شامل کیا گیا ہے، جس کی مدد سے صارفین Mentions اور ڈائریکٹ ریپلائیز کو آسانی سے تلاش کر سکتے ہیں۔
ایک اور حالیہ تبدیلی کے تحت گروپ ایڈمنز اب نئے شامل ہونے والے ارکان کے ساتھ پرانے پیغامات بھی شیئر کر سکتے ہیں۔ اس طرح نئے ارکان کو گروپ میں شامل ہونے کی تاریخ سے پہلے کی گفتگو تک بھی رسائی حاصل ہو سکے گی، جب کہ پہلے انھیں صرف شمولیت کے بعد کے پیغامات دکھائی دیتے تھے۔
ان نئی سہولتوں کے ذریعے واٹس ایپ گروپ چیٹس کے انتظام اور استعمال کے لیے دستیاب فیچرز میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ ارکان کی تعداد بڑھانے سے بڑی کمیونٹیز کو بھی ایک ہی گروپ میں زیادہ افراد کے ساتھ گفتگو اور رابطے برقرار رکھنے میں آسانی ہوگی۔