وزیراعظم اپنا گھر پروگرام اسکیم نے 100 ارب روپے کے قرضوں کے اجرا کا سنگ میل عبور کرلیا

غریبوں کیلیے کروڑوں گھر بھی بنانا پڑے تو بنائیں گے، شہباز شریف،تقریب سے خطاب

November 23, 2026 · اہم خبریں, قومی

فوتو مقامی میڈیا

فوتو مقامی میڈیا

اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام اسکیم نے شہریوں کو 100 ارب روپے سے زائد مالیت کے قرضوں کے اجرا کا سنگ میل عبور کرلیا، وزیراعظم نے کہا ہے کہ 500 ارب روپے کے قرضے منظور ہوچکے ہیں، اگلے 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کی ادائیگی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے دوبارہ تقریب منعقد کی جائے گی۔

اپنا گھر اسکیم کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بھی بنانا پڑے تو بنائیں گے۔وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر وہ اقدامات کرنا ہوں گے، جن کا خواب بانی پاکستان نے دیکھا تھا۔

انہوں ںے کہا کہ ملک میں سب کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں، وفاق اور صوبوں کو مل کر دن رات کام کرنا ہوگا، وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، جن خاندانوں کو بینکوں کے ذریعے قرضے ملے ہیں، یہ قابل تحسین اقدام ہے، اس عمل میں نہ کرپشن ہوئی ہے نہ اقربا پروری، یہ بہت بڑی کامیابی ہے، اپنا گھر پروگرام کے تحت ساڑھے 6 ماہ میں 18 ہزار 500 گھروں کیلئے 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے، جو اب بڑھ کر 112 ارب روپے ہو چکے ہیں، 500 ارب روپے کے قرضے منظور ہو چکے ہیں، اگلے 6 ماہ میں ایک ہزارارب روپے کی ادائیگی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے دوبارہ تقریب منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لاکھ یا 2 لاکھ گھروں کی تعمیر کی کوئی قدغن نہیں، یہ تو آٹے میں نمک کے برابر ہے، جن خاندانوں کو مکان ملے، اُن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں, ایک بڑی تعداد اپنی چھت، روزگار اور تعلیم سے محروم ہے، غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بھی بنانا پڑے تو بنائیں گے۔ دکھ کی بات ہے ایک طرف تمام وسائل مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھ میں ہیں اور دوسری طرف لوگ اپنے گھر سے محروم ہیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے بانی پاکستان نے تحریک چلائی تھی، اشرافیہ کو بینکوں کے قرضے کی ضرورت نہیں، عوام کو ہے۔ ہزاروں خاندانوں کو اپنا گھر بنانے کے لیے قرضے ملے، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کرتیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میں آشیانہ اسکیم لانچ کی تھی، ماضی قریب میں ہاؤسنگ اسکیم بنی اس میں شاہانہ محل جیسے گھر بنے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں