مشرقی علاقے میں خوفناک حادثہ، بارودی مواد کا ذخیرہ پھٹ گیا، تحقیقات شروع
افغانستان کے صوبے کنڑ میں اسکول کے قریب دھماکا، 7 طلبہ جاں بحق اور 99 زخمی
افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں ایک اسکول کے قریب ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 طلبہ جاں بحق اور 99 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا نے افغان حکام کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ یہ دھماکا اسکول کے نزدیک پیش آیا جس کی زد میں آ کر معصوم طلبہ جان کی بازی ہار گئے۔
افغان حکومت کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعے کی ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکا اسکول کے قریب کان کنی کی سرگرمیوں میں مصروف کمپنیوں کی جانب سے رکھے گئے بارودی مواد کے ذخیرے میں ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں کنڑ اسپتال کے سربراہ مولا داد نے بتایا کہ یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ امدادی کارروائیوں اور مزید معلومات سامنے آنے کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں تبدیلی یا اضافہ ہو سکتا ہے۔